ابوظہبی میں نومبر میں پہلا 'ابوظہبی آٹونومس ویک'، عالمی رہنماؤں کی شرکت متوقع

ابوظہبی، 25 ستمبر، 2025 (وام)--اسمارٹ اینڈ آٹونومس سسٹمز کونسل (SASC) کے زیرِ اہتمام پہلا ابوظہبی آٹونومس ویک (ADAW) 10 سے 15 نومبر 2025 تک منعقد ہوگا، جس کا آغاز ’’ابوظہبی آٹونومس سمٹ‘‘ سے ہوگا۔ یہ اجلاس 10 نومبر کو یاس مارینا سرکٹ کے وہیکل ڈائنامک ایریا میں ہوگا، جہاں دنیا بھر کے رہنما اسمارٹ اور آٹونومس موبیلیٹی کے مستقبل پر تبادلہ خیال کریں گے۔ یہ ایونٹنائب چیئرمین صدارتی دیوان برائے خصوصی امور اور کونسل کے چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان کی سرپرستی میں منعقد ہو رہا ہے۔

شیخ حمدان بن محمد نے کہا کہ اسمارٹ اینڈ آٹونومس سسٹمز کونسل آٹونومس سسٹمز کے شعبے میں پائیدار تبدیلی کو تیز کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ ان کی محفوظ اور مؤثر فعالیت یقینی بنائی جا سکے اور ابوظہبی کو جدت و جدید ٹیکنالوجیز میں عالمی ماڈل بنایا جا سکے۔

سمٹ کے دوران مختلف اہم موضوعات زیرِ بحث آئیں گے، جن میں فضائی، زمینی اور بحری نظام کا امتزاج، پبلک ٹرانسپورٹ میں اسمارٹ موبیلیٹی ماڈلز کا عملی نفاذ، مصنوعی ذہانت کے عالمی معیارات اور عوامی اعتماد، مختلف صنعتوں کے درمیان اشتراک سے آٹونومی کو فروغ دینا، شہروں میں فضائی سفر کا مستقبل، اے آئی پر مبنی فیصلہ سازی، اور اسمارٹ پورٹس و شہروں میں بڑے پیمانے پر صنعتی ایپلی کیشنز شامل ہیں۔

اجلاس کے شرکاء جدت، سرمایہ کاری اور اثرات کو بڑھانے کے طریقوں پر بھی بات کریں گے اور اس بات پر غور کریں گے کہ کس طرح سرمایہ کاری، کمرشلائزیشن اور انسانی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اس شعبے کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔

ہفتہ بھر جاری رہنے والے اس ایونٹ میں کئی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔ ان میں DRIFTx (10 سے 12 نومبر) نمایاں ہے، جس میں زمینی، فضائی، بحری اور روبوٹکس کے شعبوں میں اسمارٹ اور آٹونومس حل براہِ راست انٹرایکٹو نمائش کی صورت میں دکھائے جائیں گے۔

اسی دوران، پہلی بار مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں RoboCup Asia-Pacific 2025 کا انعقاد بھی ہوگا، جو 10 سے 15 نومبر تک جاری رہے گا۔ اس مقابلے میں دنیا کی نمایاں ٹیمیں مصنوعی ذہانت پر مبنی آٹونومس روبوٹکس چیلنجز میں حصہ لیں گی۔

ایونٹ کا اختتام 15 نومبر کو ابوظہبی آٹونومس ریسنگ لیگ (A2RL) کے دوسرے ایڈیشن سے ہوگا۔ یہ ایک منفرد موٹر اسپورٹس مظاہرہ ہے جس میں آٹونومس ریسنگ ٹیکنالوجی کی جدید ترین شکل پیش کی جائے گی۔ یہ ایونٹ ASPIRE اور ابوظہبی ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی ریسرچ کونسل کے زیرِ اہتمام منعقد ہوگا، جس میں 10 ممالک کی نمایاں تحقیقی ٹیمیں شریک ہوں گی اور 2.25 ملین امریکی ڈالر کا انعامی سلسلہ رکھا گیا ہے۔

ابوظہبی آٹونومس ویک کی میزبانی اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ ابوظہبی ایک ایسا مسابقتی، اشتراکی اور جدت پر مبنی ماحول قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے جو آٹونومس ٹیکنالوجیز کے محفوظ اور پائیدار استعمال کے ذریعے کارکردگی، روابط اور معیارِ زندگی کو بہتر بنائے گا۔