قاہرہ، 29 ستمبر، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کے درمیان قاہرہ میں ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ یہ ملاقات الاتحادیہ پیلس میں صدر شیخ محمد بن زاید کے مصر کے برادرانہ دورے کے دوران منعقد ہوئی، جس میں خاص طور پر اقتصادی، تجارتی اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال سمیت متعدد علاقائی و عالمی امور پر بھی بات چیت کی، اور فلسطین کی ریاست کو بین الاقوامی سطح پر ملنے والی بڑھتی ہوئی حمایت کے تناظر میں اس موقع کو امن کی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس حوالے سے دونوں جانب نے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ مسئلہ فلسطین کا صرف دو ریاستی حل ہی ایک منصفانہ، دیرپا امن، اور پورے خطے میں استحکام و سلامتی کو یقینی بنانے کا واحد قابلِ عمل راستہ ہے۔
ملاقات میں دونوں سربراہان نے غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی اور بحران کے مستقل حل کے لیے کی جانے والی ہر کوشش کی حمایت کا اظہار کیا، اور زور دیا کہ موجودہ غیر معمولی علاقائی چیلنجز کے پیشِ نظر عرب دنیا میں مشترکہ موقف اور باہمی تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ خطے کے امن، استحکام اور پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس ملاقات میں صدر امارات کے ہمراہ وفد بھی شریک تھا، جس میں ڈپٹی چیئرمین صدارتی کورٹ برائے خصوصی امور عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان، ، اور صدر کے مشیر عزت مآب شیخ محمد بن حمد بن طحنون النہیان، ، کے علاوہ متعدد وزراء اور اعلیٰ حکام شامل تھے۔
برادرانہ دورے کے اختتام پر صدر شیخ محمد بن زاید قاہرہ سے روانہ ہو گئے، جہاں صدر السیسی نے انہیں قاہرہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر الوداع کہا۔