دبئی، 29 ستمبر، 2025 (وام)--چیئرمین میریکل گارڈن گروپ شیخ ذیاب بن طحنون بن محمد النہیان نے آج دنیا کے سب سے بڑے قدرتی پھولوں کے باغ "دبئی میریکل گارڈن" کے 14ویں سیزن کا افتتاح کیا ہے۔ اس سیزن میں متعدد نئے تھیمز اور دلچسپ مناظر شامل کیے گئے ہیں، جو اس منفرد باغ کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرتے ہیں، جو پہلے ہی گنیز ورلڈ ریکارڈز میں شامل ہے۔
افتتاحی تقریب میں میریکل گارڈن گروپ کے نائب چیئرمین حمدان الکعبی، گروپ کے سی ای او انجینئر محمد ظاہر حمادی، سینیئر منیجرز، اعلیٰ عہدیداران اور دبئی کے سیاحت و مہمان داری کے شعبے سے وابستہ نمائندگان نے شرکت کی۔
اس موقع پر شیخ ذیاب نے کہا کہ نیا سیزن دبئی کے اس عزم کا عکاس ہے کہ یہاں آنے والے خاندانوں کو معیاری اور یادگار تفریح فراہم کی جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ دبئی دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کے لیے عالمی معیار کی پرکشش اور اختراعی تفریحی مقامات تیار کرنے میں اپنی قیادت برقرار رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ، "دبئی میریکل گارڈن ہماری اُس سوچ کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت ہم ایسے دلکش مقامات تخلیق کرتے ہیں جو جدت کا جشن مناتے ہیں۔ سیزن 14 ہمارے شوق، لگن اور دنیا بھر سے آنے والے مہمانوں کو ناقابلِ فراموش تجربات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار ہے۔"
نئے سیزن میں 72,000 مربع میٹر پر پھیلے ہوئے 150 ملین سے زائد پھول کھلے ہوں گے، جن میں کئی نئے تھیمز اور معروف پھولوں کی ساختیں شامل ہوں گی جو اس باغ کو دبئی کا ایک نمایاں سیاحتی مرکز بناتی ہیں۔ باغ میں 120 سے زائد اقسام کے پھول موجود ہیں جو سیزن کے دوران مختلف انداز میں آراستہ کیے جائیں گے۔
گروپ کے سی ای او انجینئر محمد ظاہر حمادی نے بتایا کہ اس سیزن کا تھیم "بلومنگ ونڈرز، اینڈلیس میموریز" (کھلتے نظارے، لافانی یادیں) رکھا گیا ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ میریکل گارڈن گروپ دبئی کو ایک عالمی معیار کا خاندانی تفریحی مرکز بنانے کے عزم پر کاربند ہے۔
انہوں نے کہاکہ، "ہم نے اس سیزن کو کچھ اس انداز میں ڈیزائن کیا ہے کہ یہ ہر وزیٹر کے لیے حیرت، مسرت اور یادگار لمحات کا باعث بنے۔"
دبئی میریکل گارڈن 29 ستمبر سے 31 مئی تک روزانہ زائرین کے لیے کھلا رہے گا۔ 2013 میں اپنے آغاز سے اب تک یہ باغ نہ صرف لاکھوں سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر چکا ہے بلکہ دبئی کو ایک ایسا عالمی شہر ثابت کیا ہے جو قدرتی خوبصورتی کو جدید تخلیقی ڈیزائن کے ساتھ ہم آہنگ کرتا ہے۔