یو اے ای، سعودی عرب، قطر، مصر، اردن، انڈونیشیا، پاکستان اور ترکی کے وزرائے خارجہ کا مشترکہ بیان جاری

ابوظہبی، 30 ستمبر، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر، مصر، اردن، ترکی، انڈونیشیا اور پاکستان کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ بیان میں غزہ جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت اور سنجیدہ کوششوں کا خیرمقدم کیا ہے اور امن کے قیام کے لیے ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

بیان میں امریکی شراکت داری کو مشرقِ وسطیٰ میں امن قائم رکھنے کے لیے اہم قرار دیا گیا، اور صدر ٹرمپ کی جانب سے جنگ کے خاتمے، غزہ کی تعمیر نو، فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو روکنے، اور مکمل امن منصوبے کی حمایت کو سراہا گیا۔ ساتھ ہی مغربی کنارے کے انضمام کو نہ ہونے دینے کے اعلان کا بھی خیر مقدم کیا گیا۔

وزرائے خارجہ نے کہا کہ وہ اس معاہدے کو حتمی شکل دینے اور اس پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے امریکا اور دیگر فریقین سے تعمیری تعاون پر آمادہ ہیں تاکہ خطے کی عوام کے لیے پائیدار امن، سلامتی اور استحکام یقینی بنایا جا سکے۔

بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وہ ایک جامع معاہدے کے ذریعے غزہ میں جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں، جس میں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی، فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی ممانعت، یرغمالیوں کی رہائی، تمام فریقین کی سیکیورٹی کی ضمانت، اسرائیلی انخلا، غزہ کی تعمیر نو، اور دو ریاستی حل کی بنیاد پر فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہو — تاکہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔