ابوظہبی، 30 ستمبر، 2025 (وام)--ابوظہبی کے محکمہ اقتصادی ترقی (ADDED) کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی اقتصادی وفد امریکا روانہ ہوا ہے، جس کا مقصد دنیا کی بڑی معیشتوں کے ساتھ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا اور ابوظہبی کو سرمایہ کاری، کاروبار اور ٹیلنٹ کے عالمی مرکز کے طور پر مستحکم کرنا ہے۔
یہ وفد ابوظہبی کے محکمہ اقتصادی ترقی کے چیئرمین احمد جاسم الزعابی کی سربراہی میں روانہ ہوا ہے جس میں سرکاری و نجی شعبے کے 44 اداروں کے 100 سے زائد اعلیٰ نمائندے شامل ہیں۔ ان اداروں میں ابوظہبی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، ابوظہبی گلوبل مارکیٹ، ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس، ابوظہبی کسٹمز، ابوظہبی سیکیورٹیز ایکسچینج، مبادلہ، الدار اور ہب 71 شامل ہیں۔
دورے کے دوران امریکی کاروباری رہنماؤں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں ہوں گی جن میں مختلف شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر بات چیت کی جائے گی۔ اس موقع پر نیویارک میں "ابوظہبی انویسٹمنٹ فورم" بھی منعقد ہوگا جبکہ "فیملی بزنس راؤنڈ ٹیبل" ابوظہبی چیمبر اور بزنس کونسل فار انٹرنیشنل انڈرسٹینڈنگ (BCIU) کے اشتراک سے ہوگا۔
الزعابی نے کہا کہ، “امریکا، ابوظہبی اور متحدہ عرب امارات کا طویل المدتی اور اسٹریٹجک شراکت دار ہے۔ یہ دورہ ہماری مشترکہ وابستگی کو آگے بڑھائے گا تاکہ جدت، پائیداری اور جامع ترقی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ، “ہم دنیا کی بڑی معیشتوں کے ساتھ تعلقات مستحکم کر رہے ہیں اور اپنی ابھرتی ہوئی ‘فالکن اکانومی’ کے ذریعے سرمایہ کاری کے مواقع پیش کر رہے ہیں، جس میں مصنوعی ذہانت، اسٹارٹ اپس، زرعی ٹیکنالوجی، مالیات، توانائی، لائف سائنسز اور جدید صنعت شامل ہیں۔”
اعداد و شمار کے مطابق، 2024 میں امریکا اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تجارت 34.4 ارب امریکی ڈالر تک جا پہنچی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 8.5 فیصد زیادہ ہے۔ متحدہ عرب امارات مشرقِ وسطیٰ میں امریکا کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، جبکہ یہ تجارتی تعلقات امریکا کی تمام 50 ریاستوں تک پھیلے ہوئے ہیں اور 1 لاکھ 84 ہزار سے زائد ملازمتوں کی معاونت کرتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی امریکا میں سرمایہ کاری ایک ٹریلین ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے اور آئندہ دہائی میں مزید 1.4 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا گیا ہے، جس کا محور مصنوعی ذہانت، توانائی، ٹیکنالوجی، ایوی ایشن، خلائی شعبہ اور انفراسٹرکچر ہوگا۔
ابوظہبی کا کاروباری ماحول امریکی کمپنیوں کو مسلسل اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے۔ امریکی مالیاتی اداروں کی بڑھتی ہوئی تعداد ابوظہبی گلوبل مارکیٹ (ADGM) میں رجسٹر ہو رہی ہے، جو مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ کا سب سے بڑا اور تیزی سے ترقی کرنے والا بین الاقوامی مالیاتی مرکز ہے۔