ویسٹ ایشیا انڈر 20 ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں اماراتی ٹیم کے 4 تمغے

بیروت، 3 اکتوبر، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کی قومی ایتھلیٹکس ٹیم نے تیسرے ویسٹ ایشیا انڈر 20 ایتھلیٹکس چیمپئن شپ "بیروت 2025" کے افتتاحی روز چار تمغے حاصل کیئے، جن میں دو طلائی، ایک چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ شامل ہے۔ یہ مقابلے لبنان میں جاری ہیں اور پانچ اکتوبر تک جاری رہیں گے جن میں دس ممالک کے تقریباً 250 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

خواتین کے 400 میٹر ہرڈلز میں مریم کریم نے ایک منٹ، 3.62 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا، جبکہ الیزیہ طارق نے 2.60 میٹر کی بلندی عبور کرتے ہوئے پول والٹ ایونٹ میں سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ خواتین کی 100 میٹر دوڑ میں اَروٰی علی نے چاندی اور لیلیٰ احمد نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔

متحدہ عرب امارات ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر ڈاکٹر محمد عبداللہ المر نے کہا کہ چار تمغوں کی یہ کامیابی اماراتی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی اور مستقبل کے چیمپئنز کی تیاری کے لئے فیڈریشن کی حکمتِ عملی کی کامیابی کا ثبوت ہے۔