ابوظہبی میں دسمبر میں ہونے والے 'بریج سمٹ 2025' کے لیے میٹا کے ساتھ تاریخی شراکت داری کا اعلان

ابوظہبی، 5 اکتوبر 2025 (وام)--میڈیا، مواد اور انٹرٹینمنٹ کے سب سے بڑے عالمی اجتماع بریج سمٹ 2025 کے انعقاد سے قبل، منتظم ادارہ "بریج" نے ٹیکنالوجی کی عالمی کمپنی میٹا کے ساتھ تاریخی شراکت داری کا معاہدہ کیا ہے۔ یہ اعلان دبئی میں میٹا کے ریجنل ہیڈ کوارٹر کے دورے کے دوران کیا گیا، جہاں بریج کے چیئرمین عبداللہ بن محمد بن بُطی الحامد اور نائب چیئرمین ڈاکٹر جمال الکعبی بھی موجود تھے۔

یہ سمٹ 8 سے 10 دسمبر 2025 تک ابوظہبی میں ہوگا، جس میں 60 ہزار سے زائد شرکاء، 400 عالمی مقررین اور سات خصوصی شعبوں پر مبنی 300 سرگرمیاں شامل ہوں گی، جو اسے دنیا کا سب سے جامع پلیٹ فارم بنا دے گا۔

شراکت داری کے تحت میٹا سمٹ میں مرکزی کردار ادا کرے گا، جس میں تھنک ٹینک سیشنز، انٹرایکٹو ورکشاپس اور جدید پلیٹ فارمز پر مبنی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔ میٹا اپنی جدید ٹیکنالوجیز — جیسے آگمینٹڈ اور ورچوئل ریئلٹی، ڈیٹا اینالیسز اور ڈیجیٹل انٹریکشن — کے ذریعے شرکاء کو نئے میڈیا ٹولز اور اختراعی مواقع سے روشناس کرائے گا۔

اس موقع پر عبداللہ الحامد نے کہا کہ تخلیقی معیشت قومی اقتصادی نظام کا بنیادی ستون ہے جو معیارِ زندگی کو بہتر بنانے اور مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اماراتی قیادت تخلیقی شعبے کو بھرپور سہولتیں، سرمایہ کاری کا ماحول اور جدید انکیوبیٹرز فراہم کر رہی ہے تاکہ اختراعی خیالات کو کامیاب منصوبوں میں بدلا جا سکے۔

میٹا کی گلوبل پارٹنرشپس ڈائریکٹر برائے افریقہ، مشرقِ وسطیٰ اور ترکیہ مون باز نے کہاکہ، "ہمیں خوشی ہے کہ بریج کے ساتھ مل کر تخلیق کاروں اور جدت کاروں کو نئے مواقع فراہم کریں گے۔ یہ شراکت داری انسانی تعلقات کے مستقبل کی تشکیل اور اگلی نسل کو بااختیار بنانے کا عملی مظہر ہے۔"

اجلاس میں بریج کے چیئرمین عبداللہ بن محمد بن بُطی الحامد، ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر جمال محمد الکعبی اور منیجنگ ڈائریکٹر مریم بن فہد نے شرکت کی، جبکہ میٹا کی نمائندگی مون باز، بسما عماری، انس متولی، مریم بنت بُطی المہیری اور محمد عمر نے کی۔

بریج اور میٹا کی یہ شراکت داری سمٹ کو تین روزہ تقریب سے بڑھا کر ایک ایسا عالمی مرکز بنانے میں مدد دے گی، جس کے اثرات اور روابط طویل عرصے تک جاری رہیں گے۔

سمٹ 2025 کے لیے رجسٹریشن اب ویب سائٹ www.worldmediabridge.com پر کھل چکی ہے۔