متحدہ عرب امارات میں سول ایوی ایشن ڈے کی تقریبات، عالمی فضائی صنعت میں امارات کے کلیدی کردار کا اعتراف

ابوظہبی، 6 اکتوبر 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات آج یو اے ای سول ایوی ایشن ڈے منارہا ہے، جو قومی فضائی شعبے کی شاندار کامیابیوں اور عالمی ایوی ایشن انڈسٹری میں اس کے مرکزی کردار کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ سال ایک خاص سنگِ میل اس لیے بھی ہے کہ امارات مسلسل ساتویں بار انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (ICAO) کی کونسل کا رکن منتخب ہوا ہے، جو عالمی فضائی پالیسیوں کی تشکیل میں ملک کے مؤثر کردار کا ثبوت ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے پہلے آٹھ ماہ میں اماراتی ہوائی اڈوں نے 10 کروڑ 29 لاکھ مسافروں کو خوش آمدید کہا، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 5.3 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

اس موقع پر دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے صدر اور ایمریٹس ایئر لائن گروپ کے چیئرمین شیخ احمد بن سعید المکتوم نے کہا کہ دبئی کے ایئرپورٹس دنیا کے مصروف ترین فضائی مراکز میں شامل ہیں اور ان کی وسعت اور معیار امارات کے فضائی نظام کی طاقت اور مستقبل کی تیاری کا مظہر ہیں۔

جبکہ وزیرِ معیشت و سیاحت اور جی سی اے اے بورڈ کے چیئرمین عبداللہ بن طوق المری کے مطابق آئی سی اے او کونسل کے لیے ساتویں مرتبہ انتخاب امارات کی عالمی قیادت، وژن اور قومی ٹیلنٹ و انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کا اعتراف ہے۔

ابوظہبی ڈپارٹمنٹ آف میونسپلٹیز اینڈ ٹرانسپورٹ کے چیئرمین محمد علی الشرفا نے واضح کیا کہ ابوظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ عالمی معیار کے مطابق سفری سہولیات مہیا کر رہا ہے، اور اس کے جاری توسیعی منصوبے امارت کے فضائی شعبے کی ترقی کی علامت ہیں۔

شارجہ محکمہ سول ایوی ایشن کے چیئرمین شیخ خالد بن عصام القاسمی نے زور دیا کہ قیادت کی بصیرت اور حکمت عملی نے امارات کو عالمی ایوی ایشن میں نمایاں مقام دلایا ہے۔ انہوں نے شارجہ میں پہلے مسافر طیارے کی تاریخی لینڈنگ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہی واقعہ فضائی شعبے کے شاندار سفر کا نقطۂ آغاز تھا۔

راس الخیمہ سول ایوی ایشن کے چیئرمین شیخ سالم بن سلطان القاسمی نے اس امر پر روشنی ڈالی کہ راس الخیمہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں جاری ترقیاتی منصوبے مسافروں کے تجربے اور آپریشنل صلاحیت میں مزید بہتری کا باعث بن رہے ہیں۔

فجیرہ سول ایوی ایشن کے چیئرمین محمد عبداللہ السلمی کے مطابق، سول ایوی ایشن ڈے امارات کے فضائی شعبے کی شاندار تاریخ اور عالمی معیار کے عزم کا مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فجیرہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی توسیعی سرگرمیاں اور 'TrainAir Plus' پروگرام قومی صلاحیتوں کو مزید تقویت دے رہے ہیں۔

جی سی اے اے کے ڈائریکٹر جنرل سيف محمد السويدي نے کہا کہ 2025 اماراتی ایوی ایشن کے لیے ایک تاریخی سال ہے۔ ان کے مطابق، سول ایوی ایشن ڈے اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ تعاون، اختراع اور وژن ہی محفوظ اور پائیدار فضائی مستقبل کی اصل بنیاد ہیں۔

امارات کی یہ تقریبات اس کے اسٹریٹجک کردار، بڑھتے ہوئے عالمی اثرورسوخ اور فضائی صنعت میں شاندار ترقی کے تسلسل کی عکاسی کرتی ہیں۔