'گلوبل فوڈ ویک 2025' کا ابوظہبی میں 21 اکتوبر سے آغاز، پائیدار غذائی نظام کے فروغ کے لیے عالمی ماہرین کی شرکت

ابوظہبی، 8 اکتوبر، 2025 (وام) --نائب صدر، نائب وزیراعظم، صدارتی دفتر اور ابوظہبی ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان کی سرپرستی میں، مڈون ہولڈنگ کمپنی کے تحت آنے والا اے ڈی نیک گروپ، ابوظہبی ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے تعاون سے، ’گلوبل فوڈ ویک‘ کا دوسرا ایڈیشن 21 سے 23 اکتوبر تک منعقد کرے گا۔

یہ تقریب خوراک، زراعت اور پائیداری سے متعلق عالمی چیلنجز پر گفتگو کے لیے ماہرین، اختراع کاروں اور صنعتی رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرے گی، جس سے ابوظہبی کے اس کردار کو تقویت ملے گی جو وہ پائیدار غذائی نظام کی تشکیل کے حوالے سے بین الاقوامی مکالمے کے ایک اہم مرکز کے طور پر ادا کر رہا ہے۔

اس موقع پر ابوظہبی ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر طارق احمد العامری نے کہا کہ گلوبل فوڈ ویک ابوظہبی کے اس عزم کی نمائندگی کرتا ہے جو پائیدار غذائی نظام کی حمایت اور عالمی غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب ماہرین اور اختراع کاروں کو علم و تجربات کے تبادلے اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے یکجا کرتی ہے۔

ڈاکٹر طارق العامری نے مزید کہا کہ یہ فورم غذائی چیلنجز کے حل، اسٹریٹجک شراکت داری کے فروغ اور زرعی ٹیکنالوجی و مضبوط سپلائی چین کے عملی حل پیش کرنے کے لیے ایک نمایاں پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نجی شعبہ زرعی اختراعات کو آگے بڑھانے، اسمارٹ سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور عوامی و نجی شعبوں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابوظہبی پائیداری کی سمت غذائی نظام میں تبدیلی لانے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجیز اپنانے میں صفِ اول پر ہے، اور یہ تقریب بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے اور نجی شعبے کے کردار کو اجاگر کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گی تاکہ زیادہ محفوظ اور مضبوط غذائی مستقبل تشکیل دیا جا سکے۔

اے ڈی نیک گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور گروپ سی ای او حمید مطر الظہیریکے مطابق گلوبل فوڈ ویک ابوظہبی کے اس سفر میں ایک اسٹریٹجک سنگِ میل ہے جس کا مقصد زراعت اور غذائی تحفظ میں جدت کے ایک عالمی مرکز کے طور پر اپنی پوزیشن کو مستحکم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب عالمی ماہرین، اختراع کاروں اور پالیسی سازوں کو اکٹھا کرتی ہے تاکہ غذائی شعبے کے اہم چیلنجز پر بات کی جا سکے اور عملی حل پیش کیے جا سکیں جو پائیدار اور مضبوط نظام کی تشکیل میں مددگار ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ گلوبل فوڈ ویک کا دوسرا ایڈیشن اپنے دائرے کو وسعت دے رہا ہے اور اعلیٰ معیار کے متعدد ایونٹس کا احاطہ کرتا ہے جو خوراک کے مستقبل پر عالمی مکالمے کی حمایت اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے اے ڈی نیک گروپ کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ یہ تقریب ایک عملی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتی ہے جہاں ماہرین بصیرت کا تبادلہ کرتے ہیں، چیلنجز پر گفتگو کرتے ہیں اور قابلِ عمل حل تیار کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال کے ایڈیشن میں خطے کی نئی اور منفرد پہل کاریوں کا آغاز کیا جائے گا جن میں پروٹین آلٹرنیٹو پلیٹ فارم، ایگری ٹیک فورم، اور ایگریکلچرل انویسٹمنٹ فورم شامل ہیں۔

خلیفہ انٹرنیشنل ایوارڈ فار ڈیٹ پام اینڈ ایگریکلچرل انوویشن کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبدالوھاب البخاری زید نے کہا کہ ابوظہبی ڈیٹ پام ایگزیبیشن کھجوروں کی کاشت اور صنعت کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال کسانوں، پروڈیوسرز اور محققین کی بڑھتی ہوئی شرکت اور مضبوط شراکت داری دیکھنے کو ملتی ہے۔ یہ نمائش نہ صرف امارات کے ثقافتی و زرعی ورثے کے تحفظ کا ذریعہ ہے بلکہ دنیا کی سب سے لچکدار فصلوں میں سے ایک میں اختراع اور پائیداری کے فروغ میں بھی مددگار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھجوروں کی تجارت کے لحاظ سے یہ نمائش خطے کا مرکزی مرکز ہے جو بین الاقوامی خریداروں کو مقامی پروڈیوسرز اور دیگر ممالک کے نمائندوں سے جوڑتی ہے۔ اس سے طویل المدتی سپلائی معاہدوں کے امکانات پیدا ہوتے ہیں اور کھجوروں سے تیار ہونے والی ویلیو ایڈیڈ مصنوعات کے لیے نئے مواقع کھلتے ہیں۔ نمائش ای کامرس، پیکیجنگ اور مارکیٹنگ کے شعبوں میں کاروباری افراد کی بھی حوصلہ افزائی کرتی ہے، جس سے اماراتی کھجوروں کی عالمی منڈیوں میں مسابقت بڑھتی ہے اور ان کا اقتصادی و سماجی اثر مزید گہرا ہوتا ہے۔

گزشتہ سال کے کامیاب ایڈیشن کے بعد، جس میں 34 ہزار سے زائد شرکاء، 1,900 سے زائد برانڈز نے شرکت کی اور 6.2 ارب درہم کے کاروباری معاہدے طے پائے، گلوبل فوڈ ویک 2025 میں دنیا بھر کی تنظیموں اور زرعی و غذائی صنعتوں کے رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔

اس سال کے ایڈیشن میں جامع اور متحرک پروگرام پیش کیا جائے گا جو زرعی ٹیکنالوجی، کھانے کے فنون اور عالمی پالیسی مباحثوں میں جدید پیش رفت کو اجاگر کرے گا۔ اہم تقریبات میں چوتھی ابوظہبی انٹرنیشنل فوڈ ایگزیبیشن اور پہلا ایگری ٹیک فورم شامل ہیں جو زراعت اور خوراک کے شعبوں میں جدید ترین اختراعات کی نمائش کرے گا اور اس شعبے کے اسٹارٹ اپس کے لیے مخصوص پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔

پہلی مرتبہ خطے میں گلوبل فوڈ ویک ایک بین الاقوامی پہل کاری متعارف کرائے گا جو پروٹین آلٹرنیٹوز پر مرکوز ہوگی، جس میں لیب میں تیار کردہ گوشت جیسے جدید ترین عالمی اختراعات کو پیش کیا جائے گا۔ یہ پہل کاری پائیدار خوراک کی تیاری میں سرمایہ کاری کے نئے امکانات فراہم کرے گی تاکہ بڑھتی ہوئی عالمی طلب کو پورا کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ، اسٹارٹ اپس اور سائنسدانوں کو اپنے تحقیقی منصوبے براہِ راست صارفین اور سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کرنے کا موقع ملے گا، جس سے ایک زیادہ پائیدار اور صحت مند غذائی نظام کی تشکیل میں مدد ملے گی۔

گلوبل فوڈ ویک کے دوران ایگریکلچرل انویسٹمنٹ فورم بھی منعقد ہوگا جو اعلیٰ معیار کی زرعی سرمایہ کاری کو فروغ دے کر غذائی تحفظ اور پائیدار ترقی کی حمایت کرے گا۔ فورم ابوظہبی کے اسٹریٹجک وژن کو اجاگر کرے گا، موجودہ اور مستقبل کے سرمایہ کاری کے مواقع کو سامنے لائے گا، اور جدید زرعی ٹیکنالوجی و پائیدار ماڈلز کو فروغ دے گا۔

اس سال ابوظہبی ڈیٹ پام ایگزیبیشن کا گیارھواں ایڈیشن بھی منعقد ہوگا جو خلیفہ انٹرنیشنل ایوارڈ فار ڈیٹ پام اینڈ ایگریکلچرل انوویشن کے اشتراک سے منظم کیا جا رہا ہے۔ یہ نمائش دنیا بھر کے کھجور سپلائرز، پروڈیوسرز، ماہرین اور زراعتی ماہرین کے درمیان نیٹ ورکنگ کے لیے ایک مثالی موقع فراہم کرتی ہے۔

گلوبل فوڈ ویک 2025 میں خوراک اور زراعت کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے عالمی رہنماؤں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی، جو دنیا بھر میں غذائی نظام کے مستقبل کی تشکیل کے لیے ایک نمایاں اجتماع ثابت ہوگا۔