متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کی جانب سے "ڈیٹا – غیر یقینی حالات میں مرکزی بینکنگ کی مضبوط بنیاد" کے عنوان سے عالمی کانفرنس کا انعقاد

ابوظہبی، 8 اکتوبر، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے ابوظہبی میں "ڈیٹا – غیر یقینی حالات میں مرکزی بینک کے عملی نظام کی مضبوط بنیاد" کے عنوان سے سینٹرل بینک ڈیٹا لیڈرز اینڈ پروفیشنلز کانفرنس کا انعقاد کیا۔

اس بین الاقوامی اجلاس میں متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کے سینئر عہدیداران کے ساتھ دنیا بھر کے 35 سے زائد مرکزی بینکوں اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کا مقصد مرکزی بینکنگ میں ڈیٹا کے اسٹریٹجک کردار کا جائزہ لینا اور باہمی تعاون کے ذریعے مستقبل کی اقتصادی و ڈیجیٹل تبدیلیوں کے تقاضوں سے ہم آہنگ رہنے کے لیے عالمی تجربات سے استفادہ کرنا تھا۔

کانفرنس میں متعدد سیشنز اور مکالماتی نشستیں منعقد کی گئیں جن میں مالیاتی و مانیٹری نگرانی کے فروغ میں ڈیٹا پر مبنی اختراع کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ مقررین نے بین الاقوامی تعاون کے ذریعے مرکزی بینکوں کی کارکردگی میں بہتری اور غیر یقینی معاشی حالات میں لچک پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

مفصل نشستوں میں بدلتے ہوئے ڈیٹا ماحول اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے کردار پر گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے اس بات کا تجزیہ کیا کہ ڈیٹا گورننس مصنوعی ذہانت کی ترقی میں کس طرح معاون ہے اور مصنوعی ذہانت ڈیٹا کے ڈھانچوں پر کس طرح اثر انداز ہوتی ہے۔

مزید مباحث میں ڈیٹا آپریٹنگ ماڈلز، ڈیٹا مینجمنٹ اور اینالیٹکس کے فنِ تعمیر، اور ڈیٹا سرمایہ کاری کو کاروباری نتائج سے منسلک کرنے کے طریقہ کار پر بھی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں مختلف ممالک کی کامیاب مثالیں اور عملی تجربات سے حاصل شدہ اسباق بھی شیئر کیے گئے۔

کانفرنس میں انٹرایکٹو پینل مباحثوں کے دوران یہ موضوع بھی زیرِ غور آیا کہ کس طرح ڈیٹا کو اسٹریٹجک اثاثے یا پروڈکٹ میں تبدیل کیا جا سکتا ہے جو مارکیٹ کے شرکاء، لائسنس یافتہ مالیاتی اداروں اور تجارتی اداروں کی بدلتی ہوئی ضروریات کو پورا کرے۔
شرکاء کو مرکزی بینکوں میں استعمال ہونے والے جدید تجزیاتی ٹولز سے بھی روشناس کرایا گیا، جس سے ڈیٹا تجزیے کے میدان میں جدید ٹیکنالوجی اور عملی اطلاقات کے بارے میں بصیرت حاصل ہوئی۔

مرکزی بینک کے اسسٹنٹ گورنر برائے بینکاری و انشورنس نگرانی، احمد سعید القمزی نے اپنے خطاب میں کہاکہ،
“سینٹرل بینکس ڈیٹا لیڈرز اینڈ پروفیشنلز کانفرنس کی میزبانی ہمارے اس عزم کی عکاس ہے کہ ہم جدید ڈیٹا اینالیٹکس کو بروئے کار لا کر مقامی، علاقائی اور عالمی سطح پر تعاون کو فروغ دیں۔ ڈیٹا کا اسٹریٹجک استعمال فیصلہ سازی میں بہتری، عملی کارکردگی میں اضافہ اور طویل المدتی اہداف کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔”

انہوں نے مزید کہاکہ، “ہم نے اپنے ڈیٹا کے ڈھانچے میں نمایاں پیشرفت کی ہے تاکہ امارات کے مالی و مانیٹری نظام کی نگرانی کو مضبوط بنایا جا سکے۔ مرکزی ڈیٹا مینجمنٹ پلیٹ فارم کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، جو مربوط ڈیٹا کے ذریعے سپر ویژن ٹیکنالوجی کے عمل کو فعال بناتا ہے۔ ہم نے ڈیٹا گورننس فریم ورک کو پالیسیوں، معیار، رسک مینجمنٹ اور ریکارڈ سسٹم کے جامع ڈھانچے سے تقویت دی ہے۔ ساتھ ہی، ہم نے مصنوعی ذہانت کے انضمام میں تیزی لاتے ہوئے 20 مشین لرننگ پر مبنی ایپلی کیشنز تیار کی ہیں اور 60 سے زائد پری ٹرینڈ AI ماڈلز کا تجزیہ کیا ہے، جس سے نگران رپورٹنگ اور رسک مینجمنٹ کے نظام میں نمایاں بہتری آئی ہے۔”