متحدہ عرب امارات میں 10 سے 14 اکتوبر تک بارش اور موسم کی تبدیلی کا امکان

ابوظہبی، 8 اکتوبر، 2025 (وام)--قومی مرکزِ موسمیات (این سی ایم) نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک 10 اکتوبر جمعہ سے 14 اکتوبر منگل تک جنوبی سمت سے آنے والے سطحی کم دباؤ کے نظام کے زیرِ اثر رہے گا۔

یہ نظام بالائی سطح پر موجود کم دباؤ کے ایک اور نظام سے منسلک ہوگا، جو نسبتاً ٹھنڈی اور مرطوب فضائی تہہ کے ساتھ ملک کو متاثر کرے گا۔

مرکز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دوران ملک کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے معتدل بارش متوقع ہے، جو بعض اوقات وقفے وقفے سے تیز بارش کی صورت بھی اختیار کر سکتی ہے۔
بارش کا زیادہ اثر شمالی اور مشرقی علاقوں میں متوقع ہے، تاہم بعض اوقات یہ اندرونی اور مغربی حصوں تک بھی پھیل سکتی ہے۔
کچھ محدود علاقوں میںاولے پڑنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے، جبکہ ہوائیں ابتدا میں جنوب مشرقی سے شمال مشرقی سمت میں چلیں گی، جو بعد میں شمال مغربی سمت اختیار کر لیں گی۔ یہ ہوائیں کبھی ہلکی تو کبھی تیز ہوں گی اور بعض اوقات گرد و غبار اور ریت اُڑا سکتی ہیں۔

بحیرۂ عرب اور بحیرۂ عمان میں سمندر معمولی سے درمیانی درجے تک متلاطم رہنے کی توقع ہے، تاہم بادلوں کی موجودگی میں کچھ اوقات میں لہریں بلند بھی ہو سکتی ہیں۔