دبئی، 14 اکتوبر 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کی معروف مصنوعی ذہانت (اے آئی) کمپنی “جی 42” آئندہ چند ماہ میں فرانس میں خودمختار مصنوعی ذہانت کلاؤڈ کا آغاز کرے گی۔ یہ اقدام کمپنی کی عالمی توسیع اور بین الاقوامی سپر کمپیوٹنگ صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے منصوبے کا ایک اہم حصہ ہے۔
جائٹیکس گلوبل 2025 کے موقع پر امارات نیوز ایجنسی (وام) سے گفتگو کرتے ہوئے، جی42 کے ایگزیکٹو نائب صدر برائے شراکت داری اور حکومتی امور، طلال الکعیسی نے بتایا کہ فرانس میں جاری یہ منصوبہ “اے آئی فیکٹریز اینٹیناز” پروگرام کے تحت عمل میں لایا جا رہا ہے، جس کا مقصد یورپ کے مختلف ممالک میں اے آئی سپر کمپیوٹرز کی تنصیب ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کور42، جو جی42 گروپ کی ذیلی کمپنی ہے، نے جنوبی فرانس کے شہر گرینوبل میں جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر قائم کر لیا ہے تاکہ اے آئی کلاؤڈ کے آپریشنز کو فعال کیا جا سکے۔
الکعیسی نے مزید بتایا کہ جی42 اور اس کی ذیلی کمپنیاں اس وقت امریکہ کے پانچ مختلف مقامات پر جدید کمپیوٹنگ انفراسٹرکچر نصب کر رہی ہیں، جبکہ منصوبے فرانس، افریقہ اور جنوب مشرقی ایشیا میں بھی جاری ہیں۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ آئندہ چند ماہ میں کمپنی قزاقستان، ملائیشیا اور انڈونیشیا میں بھی اپنے نئے منصوبوں کا آغاز کرے گی، جو مصنوعی ذہانت اور سپر کمپیوٹنگ کے شعبے میں جی42 کی عالمی مانگ میں مسلسل اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔