وزارتِ اعلیٰ تعلیم نے غیر لائسنس یافتہ تربیتی مرکز بند کر دیا، منتظمین کے خلاف قانونی کارروائی

ابوظہبی، 15 اکتوبر، 2025 (وام)--وزارتِ اعلیٰ تعلیم و سائنسی تحقیق نے یو اے ای کے ایک شہر میں قائم غیر لائسنس یافتہ تربیتی مرکز کو بند کر کے اس کے منتظمین کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیا ہے۔ وزارت نے مرکز پر بغیر اجازت تعلیمی سرگرمیاں اور دیگر خلاف ورزیوں کے باعث جرمانے بھی عائد کیے ہیں۔

یہ اقدام وزارت کی انسپیکشن ٹیموں کی جانب سے کی گئی جانچ کے بعد سامنے آیا، جس میں بغیر اجازت تعلیمی پروگرام، طلبہ کا غیر قانونی اندراج، غیر تصدیق شدہ کورسز کی تشہیر اور غیر منظور شدہ نرسری کا قیام جیسی سنگین خلاف ورزیاں پائی گئیں۔

مزید براں، انسانی وسائل اور ایمریٹائزیشن کی وزارت نے بھی عوامی سلامتی کے اصولوں کی خلاف ورزی اور غیر تربیت یافتہ کارکنان کی ملازمت جیسے معاملات کی نشاندہی کی۔

وزارتِ اعلیٰ تعلیم و سائنسی تحقیق نے وضاحت کی کہ انہوں نے وزارتِ اانسانی وسائل اور ایمریٹائزیشن، وزارتِ تعلیم اور متعلقہ امارت کے محکمۂ اقتصادی ترقی کے ساتھ مل کر مرکز اور اس کے منتظمین کے خلاف ضروری اقدامات کیے ہیں۔

وزارت کے مطابق، مرکز پر جرمانہ عائد کر کے اسے بند کر دیا گیا ہے، جب تک کہ وہ تمام مطلوبہ لائسنس حاصل نہیں کر لیتا۔ اس کے منتظمین کو بغیر لائسنس ادارہ چلانے اور غیر منظور شدہ پروگراموں کی تشہیر کے الزام میں پبلک پراسیکیوشن کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ وزارت نے مزید بتایا کہ وہ ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ ڈیجیٹل گورنمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے ساتھ مل کر مرکز کی آن لائن سرگرمیوں اور ویب سائٹس کو بلاک کرنے پر بھی کام کر رہی ہے۔

وزارتِ اعلیٰ تعلیم نے کہا کہ وہ قومی قوانین کے تحت خلاف ورزیوں کی نگرانی اور سزاؤں کے نفاذ کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ اس کا مقصد اعلیٰ تعلیم کے اداروں اور تربیتی مراکز میں شفافیت، معیار اور اعتماد کو یقینی بنانا ہے۔

وزارت نے والدین اور طلبہ پر زور دیا کہ داخلے سے قبل یہ تصدیق کر لیں کہ متعلقہ ادارہ لائسنس یافتہ ہے اور اس کے پروگرام منظور شدہ ہیں۔ تصدیق وزارت کی ویب سائٹ (www.mohesr.gov.ae) یا کسٹمر ہیپی نیس سینٹر (800511) کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔