عالمی یوم خوراک پر متحدہ عرب امارات کا پائیدار خوراکی نظام کے عزم کا اعادہ

دبئی، 16 اکتوبر، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات ڈاکٹر آمنہ بنت عبداللہ الضحاک کے مطابق ملک نے اپنی قیادت کی بصیرت کی روشنی میں پائیدار خوراکی تحفظ کے لیے ایک دور اندیش حکمتِ عملی اختیار کی ہے، اور عالمی سطح پر خوراکی نظام کو مؤثر اور پائیدار بنانے میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر ابھرا ہے۔

عالمی یوم خوراک کے موقع پر جاری بیان میں ڈاکٹر آمنہ الضحاک نے کہا کہ یہ دن دنیا بھر میں خوراک کے نظام کو درپیش چیلنجز پر غور کرنے اور اس حقیقت کو تسلیم کرنے کا موقع ہے کہ صرف باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے ہی سب کے لیے بہتر خوراکی مستقبل کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ شدید موسمی اثرات، ماحولیاتی تبدیلی اور معاشی جھٹکوں نے خوراک کے عالمی نظام پر بے مثال دباؤ ڈال دیا ہے۔ غیر مستحکم سپلائی چین کی وجہ سے پیدا ہونے والی رکاوٹوں کا اثر کھیتوں سے لے کر دسترخوان تک محسوس کیا جا رہا ہے، اور اندازہ ہے کہ دنیا بھر میں 67 کروڑ 30 لاکھ افراد بھوک کا سامنا کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر آمنہ نے وضاحت کی کہ خوراکی نظام دنیا بھر میں تقریباً ایک تہائی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کا سبب بنتا ہے، جبکہ خوراک کے ضیاع کا مسئلہ بھی فوری توجہ کا متقاضی ہے۔ عالمی سطح پر 13.2 فیصد خوراک فصل سے مارکیٹ تک پہنچنے سے پہلے ضائع ہو جاتی ہے، اور 19 فیصد خوراک گھروں، ہوٹلوں اور ریٹیل سطح پر ضائع کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خوراک کے ضیاع میں کمی سے زمین کے بہتر استعمال، پانی کے مؤثر انتظام، اور ماحولیاتی و معاشی بہتری میں مدد ملے گی۔

ڈاکٹر آمنہ نے کہا کہ یو اے ای سمجھتا ہے کہ بڑھتی ہوئی عالمی آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سرحدوں، شعبوں اور نسلوں سے بالاتر تعاون کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ، "ہم نیشنل فوڈ سیکیورٹی اسٹریٹجی 2051 کے تحت مقامی زراعت کو فروغ دینے کے ویژن پر عمل پیرا ہیں۔ جدید زرعی ٹیکنالوجی، پائیدار کھیتی باڑی اور آبی وسائل کے مؤثر استعمال میں سرمایہ کاری کے ذریعے ہم اپنے زرعی شعبے کو نئی جہت دے رہے ہیں۔"

انہوں نے بتایا کہ یو اے ای نہ صرف مقامی خوراکی پیداوار اور کاشتکاروں کو بااختیار بنانے پر توجہ دے رہا ہے بلکہ 'نعمة' جیسے اقدامات کے ذریعے خوراک کے ضیاع کے مسئلے سے براہِ راست نمٹ رہا ہے۔

بیان کے اختتام پر ڈاکٹر آمنہ نے کہاکہ، "عالمی یوم خوراک کے موقع پر، متحدہ عرب امارات خوراک کے نظام میں تبدیلی، ہر فرد کے لیے غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی، اور ایک پائیدار و منصفانہ مستقبل کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کی تجدید کرتا ہے۔"