وزارتِ سرمایہ کاری اور مائیکروسافٹ کے درمیان مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تعاون کے معاہدے پر دستخط

دبئی، 16 اکتوبر، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کی وزارتِ سرمایہ کاری اور مائیکروسافٹ کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کا مقصد سرمایہ کاری کے تجزیے اور مالی پیشگوئی کے شعبے میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال کے مواقع کا جائزہ لینا ہے۔

یہ معاہدہ جائٹیکس گلوبل 2025 کے موقع پر وزارت کے انڈر سیکرٹری محمد الحاوی اور مائیکروسافٹ یو اے ای کے جنرل منیجر عمر کامل نے مشترکہ طور پر دستخط کیا۔

معاہدے کے تحت، دونوں ادارے اے آئی نیشنل اسکلنگ انیشی ایٹو کے ذریعے وزارت کے عملے کی پیشہ ورانہ مہارت بڑھانے کے مواقع تلاش کریں گے۔ یہ مائیکروسافٹ کا ایک جامع پروگرام ہے، جس کے تحت سرکاری اداروں کے 100,000 ملازمین کو تربیت دی جائے گی۔

اس اشتراک کا ایک اور اہم پہلو یہ بھی ہے کہ سرمایہ کاری کے تجزیے، مالی پیشگوئی، اور ریٹیل کے شعبے میں AI کے مخصوص استعمالات کی نشاندہی اور عملی نفاذ پر بھی توجہ دی جائے گی۔

اس کے علاوہ، وزارت اور مائیکروسافٹ ڈیٹا گورننس اور ڈیٹا مینجمنٹ میں بہترین طریقہ کار کو فروغ دینے کے لیے ورکشاپس اور معلوماتی سیشنز کا انعقاد کریں گے۔ ان سرگرمیوں میں مائیکروسافٹ کے مقامی ماہرین کی مدد سے 'Azure Data Catalog' اور 'Azure Purview' جیسے جدید ڈیٹا پلیٹ فارمز کا مؤثر استعمال سکھایا جائے گا۔

اس موقع پر محمد الحاوی نے کہاکہ، "وزارتِ سرمایہ کاری، متحدہ عرب امارات کے اس وژن پر گامزن ہے کہ 2031 تک ملک کو مصنوعی ذہانت میں عالمی قیادت کا حامل بنایا جائے۔ مائیکروسافٹ کے ساتھ ہمارا یہ اشتراک اس ہدف کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو علم پر مبنی اور اختراع سے بھرپور معیشت کی تشکیل میں مدد دے گا۔"

عمر کامل نے کے مطابق اس معاہدے کے ذریعے ہم مائیکروسافٹ کی اے آئی مہارت کو وزارت کے اسٹریٹجک وژن کے ساتھ جوڑنا چاہتے ہیں تاکہ ان کی ٹیموں کو ایسے جدید ہنر اور آلات مہیا کیے جائیں جو ڈیٹا پر مبنی فیصلے کرنے، نئے مواقع کھوجنے اور ملکی معیشت میں جدت کو فروغ دینے میں مدد دیں۔

یہ اشتراک نہ صرف یو اے ای کے ڈیٹا ڈریون سرمایہ کاری حکمتِ عملیاں مستحکم کرے گا بلکہ ملک کے مصنوعی ذہانت میں عالمی سطح پر قائدانہ مقام حاصل کرنے کے عزم کو بھی تقویت دے گا۔