ابوظہبی، 17 اکتوبر، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کی عالمی سرمایہ کاری کمپنی انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی (IHC) نے کراچی میں قائم اسٹیٹ اونڈ فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ (FWBL) کے اکثریتی حصص خریدنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدام پاکستان کے بین الحکومتی تجارتی لین دین ایکٹ 2022 کے تحت کامیاب نجکاری عمل کے بعد سامنے آیا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین ٹو پوائنٹ زیرو عزت مآب شیخ زاید بن حمدان بن زاید النہیان اور پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف بھی موجود تھے۔ یہ معاہدہ پاکستان میں بینک کی پہلی بین الحکومتی (G2G) نجکاری ہے، جو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بڑھتے ہوئے معاشی تعلقات کا مظہر ہے۔
آئی ایچ سی کی جانب سے کیا گیا یہ سرمایہ کاری فیصلہ پاکستان کے مالیاتی شعبے پر اعتماد اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے سرمایہ کاری تعلقات کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ معاہدہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان مزید اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے کی راہ ہموار کرے گا۔
1989 میں قائم فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ ایک مکمل کمرشل بینک ہے جو ملک بھر میں 42 برانچز کے ذریعے ریٹیل، ایس ایم ای، اور کارپوریٹ بینکنگ کی خدمات فراہم کر رہا ہے۔
آئی ایچ سی کی یہ سرمایہ کاری پاکستان کے بینکاری و مالیاتی شعبے میں ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے، جس کا مقصد مضبوط اور جدید مالیاتی ادارے قائم کرنا ہے جو پائیدار اقتصادی ترقی میں کردار ادا کریں۔
خریداری کے بعد آئی ایچ سی اس بات کو یقینی بنائے گا کہ بینک منی مم کیپٹل ریکوائرمنٹ (MCR) پوری کرے تاکہ اس کی مالی بنیاد مضبوط ہو اور ملک بھر میں اس کا دائرہ کار بڑھایا جا سکے۔
نیا ترقیاتی منصوبہ مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس جدید بینک بنانے پر مبنی ہے، جس کے تحت کور بینکنگ سسٹم کو اپ گریڈ کیا جائے گا، ڈیجیٹل چینلز کو مربوط کیا جائے گا اور تجزیاتی ٹیکنالوجی کے ذریعے خدمات کو تیز اور مؤثر بنایا جائے گا۔
آئی ایچ سی کی تبدیلی کی حکمتِ عملی کا ایک اہم حصہ افرادی قوت میں سرمایہ کاری ہے، جس میں صلاحیتوں کا فروغ، تربیت اور کارکردگی پر مبنی کلچر شامل ہے تاکہ جدید مالیاتی حل فراہم کیے جا سکیں۔
بینک کا نیا نام اور شناخت بھی متعارف کرائی جائے گی جو پورے معاشرے کے لیے خدمات اور مالی شمولیت کے فروغ کے وژن کی عکاسی کرے گی۔
آئی ایچ سی کے سی ای او سید باسر شعیب نے کہاکہ، “فرسٹ ویمن بینک میں ہماری سرمایہ کاری پاکستان کے مالیاتی امکانات پر ہمارے اعتماد اور طویل المدتی معاشی ترقی کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتی ہے۔ ہم پاکستان کے مالیاتی شعبے میں بھرپور امکانات دیکھتے ہیں اور بینک کی جدید کاری کے سفر میں ٹیکنالوجی، خودکار نظام اور مصنوعی ذہانت کے استعمال سے مدد فراہم کریں گے۔”
یہ سرمایہ کاری رواں سال فروری 2025 میں آئی ایچ سی کی ذیلی کمپنی انٹرنیشنل ریسورسز ہولڈنگ (IRH) اور بلوچستان حکومت کے درمیان ہونے والے مشترکہ منصوبے کے بعد ایک اور اہم سنگ میل ہے۔
یہ اقدامات دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی پر مبنی اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک عملی پیش رفت ہیں۔