شارجہ انویسٹمنٹ فورم 2025 کا 22 اکتوبر سے آغاز، پہلی بار 'WAIPA' ورلڈ انویسٹمنٹ کانفرنس کے ساتھ مشترکہ انعقاد

دبئی، 20 اکتوبر، 2025 (وام)--آٹھواں شارجہ انویسٹمنٹ فورم (SIF 2025) کل بدھ، 22 اکتوبر کو الجواہر ریسیپشن اینڈ کنونشن سینٹر میں شروع ہو رہا ہے۔ یہ فورم پہلی مرتبہ WAIPA ورلڈ انویسٹمنٹ کانفرنس (WIC 2025) کے ساتھ مشترکہ طور پر منعقد کیا جا رہا ہے، جو شارجہ کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ہے۔

اس سال کے فورم کے ایجنڈے میں 142 ممالک سے 10 ہزار سے زائد شرکاء اور 130 بین الاقوامی مقررین شامل ہیں، جن میں وزرا، معاشی ماہرین اور اعلیٰ سطحی پالیسی ساز شریک ہوں گے۔ یہ تقریب شارجہ ایف ڈی آئی آفس (انویسٹ ان شارجہ) کی جانب سے، ورلڈ ایسوسی ایشن آف انویسٹمنٹ پروموشن ایجنسیز (WAIPA) اور متحدہ عرب امارات کی وزارتِ سرمایہ کاری کے اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے۔

فورم کا مرکزی عنوان ہے “ہماری دنیا کو تبدیل کرنا: ایک لچکدار اور پائیدار مستقبل کے لیے سرمایہ کاری”، جو شارجہ کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرتا ہے، جس نے خود کو عالمی اقتصادی مکالمے اور مستقبل بین سرمایہ کاری کے نظریات کے مرکز کے طور پر منوایا ہے۔

فورم میں شیخ فہیم بن سلطان القاسمی، چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ریلیشنز شارجہ، کلیدی مقرر کے طور پر شریک ہوں گے۔ ان کے ہمراہ ممتاز عالمی شخصیات شامل ہیں جن میں محمد حسن السویدی (وزیرِ سرمایہ کاری، متحدہ عرب امارات)، مکائیل جببروف (وزیرِ معیشت، جمہوریہ آذربائیجان)، مِگیل میدینا (وزیرِ سرمایہ کاری، ہونڈوراس)، اور قیصر احمد شیخ (وزیرِ سرمایہ کاری، پاکستان) شامل ہیں۔

بحث و مباحثے کو مزید گہرائی دینے کے لیے اسامہ فاضل (اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری، وزارتِ صنعت و جدید ٹیکنالوجی MoIAT)، ڈاکٹر جیمز ژان (چیئرمین، WIC ایگزیکٹو بورڈ)، اور پروفیسر رائے کوان چونگ (نوبیل امن انعام یافتہ اور بان کی مون فاؤنڈیشن کے بورڈ ممبر) بھی شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ عالمی اقتصادی اداروں، میڈیا انڈسٹری، اور معروف کاروباری و سرمایہ کاری شخصیات کی شرکت سے فورم کے مباحثے مزید اہمیت اختیار کر جائیں گے۔

فورم کے ایجنڈے میں 160 سے زائد سیشنز اور 120 دوطرفہ ملاقاتیں شامل ہیں جن میں موجودہ جغرافیائی، ٹیکنالوجیکل اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں سرمایہ کاری کے نئے امکانات پر گفتگو ہوگی۔ شرکاء پائیدار مالیات، فوڈ سیکیورٹی، پبلک–پرائیویٹ پارٹنرشپس، سمارٹ ایگریکلچر اور علاقائی منڈیوں کے انضمام جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

فورم میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (SMEs) کے کردار پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی کیونکہ انہیں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) اور طویل المدتی معاشی استحکام کے بنیادی ستون کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔

SIF 2025شارجہ انویسٹمنٹ فورم کو 24 سے زائد مقامی و بین الاقوامی شراکت داروں کی حمایت حاصل ہے، جن میں مالیاتی ادارے، ریسرچ سینٹرز، میڈیا پارٹنرز، ٹیکنالوجی کمپنیاں، اور انویسٹمنٹ فرمز شامل ہیں۔ یہ وسیع تعاون شارجہ کے سرمایہ کاری ماحول پر عالمی اعتماد کو ظاہر کرتا ہے اور اس فورم کو پائیدار ترقی کے فروغ اور عالمی معیشت کے مستقبل کی سمت طے کرنے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم بناتا ہے۔