ابوظہبی، 21 اکتوبر، 2025 (وام)--یو اے ای میڈیا کونسل نے ’’ایمن (Amen)‘‘ کے نام سے ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد عوام کو میڈیا مواد کی نگرانی اور اس پر رائے دینے کا فعال کردار دینا ہے۔
یہ اقدام اس یقین کی عکاسی کرتا ہے کہ معاشرہ میڈیا کے تحفظ اور اس کی اقدار کے استحکام میں بنیادی شراکت دار ہے۔ ’’ایمن‘‘ کا مقصد ذمہ دار، محفوظ اور شراکتی میڈیا ماحول تشکیل دینا ہے جو یو اے ای کی میڈیا قیادت اور جدید وژن کو آگے بڑھاتا ہے۔
چیئرمین یو اے ای نیشنل میڈیا آفس اور یو اے ای میڈیا کونسل کے سربراہ عبداللہ بن محمد بن بطی الحمید نے کہا کہ ملک کی قیادت افراد اور معاشرے کو اپنی ترجیحات کے مرکز میں رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یو اے ای تمام شعبوں میں خصوصاً میڈیا میں شعور اور ذمہ داری کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے، کیونکہ میڈیا سوسائٹی کی آواز اور اس کی امنگوں کا ترجمان ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ،“میڈیا مواد ایک ذمہ داری ہے۔ یہ معاشرے کی سوچ، آگاہی اور رویّے کو تشکیل دیتا ہے اور قوم کی شناخت کا آئینہ ہوتا ہے۔ جو کچھ ہم شائع کرتے ہیں، وہ معاشرے کو نفع پہنچائے، مثبت آگاہی پیدا کرے، اور ہماری اقدار، انسانیت اور قومی شناخت کی ترجمانی کرے، یہی ہماری پہچان ہے۔”
الحمید نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات ذمہ دار قومی میڈیا کے قیام میں شراکت دار ہیں، جو باخبر شمولیت، اعتماد اور شفافیت کو فروغ دیتا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ یہ شراکت میڈیا مواد کے پائیدار معیار اور کھلے مکالمے کی ثقافت کو مضبوط بنائے گی، جس کی قیادت یو اے ای عالمی سطح پر کر رہا ہے۔
دوسری جانب، سیکریٹری جنرل یو اے ای میڈیا کونسل محمد سعید الشحی نے کہا کہ ’’ایمن‘‘ پلیٹ فارم امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کے اعلان کردہ ’’سالِ کمیونٹی‘‘ کے اہداف کے عین مطابق ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ یہ پلیٹ فارم اعلیٰ معیار کے میڈیا، سماجی اقدار کے تحفظ، اور آئندہ نسلوں میں مثبت شعور پیدا کرنے کے لیے ایک موثر، شراکتی چینل کے طور پر کام کرے گا۔
الشحی نے کہا کہ ’’ایمن‘‘ براہِ راست رابطے کا ایک آزاد پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے، جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ میڈیا مواد قومی اقدار، سماجی اصولوں اور تخلیقی ذمہ داری کے مطابق ہو۔
یہ منصوبہ میڈیا کے جامع ریگولیٹری فریم ورک کا حصہ ہے، جس کے ذریعے یو اے ای میڈیا کونسل پیشہ ورانہ اور جواب دہ میڈیا ماحول کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہے۔
عوام ’’ایمن‘‘ پلیٹ فارم کے ذریعے میڈیا مواد پر اپنی آراء اور مشاہدات اس ویب سائٹ www.amen.ae پر شیئر کر سکتے ہیں۔