ابوظہبی سیلنگ ٹیم نے مصنہ سیلنگ ویک میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 6 تمغے جیت لیے

مسقط، 22 اکتوبر 2025 (وام)--ابوظہبی سیلنگ ٹیم نے مصنہ سیلنگ ویک 2025 میں اپنی شاندار کارکردگی کے ساتھ چھ تمغے جیت کر ایونٹ کا اختتام کامیابی سے کیا۔ اس مقابلے میں 100 سے زائد کھلاڑیوں نے خطے اور دنیا بھر سے شرکت کی، جہاں اماراتی ملاحوں نے اعلیٰ مہارت اور مسابقتی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔

عبداللہ الزبیدی نے ILCA 4 کیٹیگری میں گولڈ میڈل حاصل کیا، جبکہ مروہ الحمادی نے لڑکیوں کی اسی کلاس میں گولڈ میڈل جیتا اور الیزیہ الحمادی نے سلور میڈل اپنے نام کیا۔

اسی طرح محمد الحمادی نے ILCA 7 کلاس میں شاندار کارکردگی کے ساتھ سلور میڈل حاصل کیا، جبکہ خلیفہ الرمیثی نے آپٹیمسٹ کلاس میں ایک انفرادی اور دوسرا ٹیم ریس میں کانسی کے تمغے جیتے ہیں۔

ڈائریکٹر ابوظہبی میرین اسپورٹس اکیڈمی خلیفہ السویدی نے ٹیم کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نتائج اکیڈمی کے تربیتی اور ترقیاتی پروگراموں کی کامیابی کی واضح عکاسی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مصنہ سیلنگ ویک میں شرکت کا مقصد اماراتی نوجوان ملاحوں کی نئی نسل کو بین الاقوامی سطح پر مقابلے کے لیے تیار کرنا ہے، اور مختلف ممالک کی سیلنگ اسکولوں کے تجربات سے کھلاڑیوں کی فنی اور جسمانی صلاحیتیں مزید نکھرتی ہیں۔

مصنہ سیلنگ ویک کو خطے کے نمایاں سمندری کھیلوں کے مقابلوں میں شمار کیا جاتا ہے، جو کھیل، تعلیم اور ثقافت کو یکجا کرتا ہے۔