دبئی چیمبر آف کامرس کا جارجیا اور آرمینیا کا تجارتی مشن کامیابی سے مکمل

دبئی، 24 اکتوبر، 2025 (وام)--دبئی چیمبر آف کامرس، جو دبئی چیمبرز کے تحت کام کرنے والے تین اداروں میں سے ایک ہے، نے جارجیا اور آرمینیا کے دورے پر مشتمل اپنا تجارتی مشن کامیابی سے مکمل کیاہے۔

مشن کے دوسرے مرحلے میں، چیمبر نے دبئی اور آرمینیا کی کمپنیوں کے درمیان 301 بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں کا اہتمام کیا تاکہ نئی شراکت داریوں کو فروغ دیا جا سکے اور تجارتی و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔

دورے کے دوران دبئی چیمبر آف کامرس نے یروان میں ‘ڈوئنگ بزنس ود آرمینیا’ کے عنوان سے ایک بزنس فورم منعقد کیا۔ یہ تقریب آرمینیا کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، وزارتِ معیشت، انٹرپرائز آرمینیا، یونین آف مینوفیکچررز اینڈ بزنس مین آف آرمینیا اور متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کے تعاون سے منعقد ہوئی۔

اس فورم میں 237 مندوبین نے شرکت کی جن میں اعلیٰ سرکاری حکام، کاروباری رہنما، اور مقامی کمپنیوں کے نمائندے شامل تھے۔ شرکاء نے دبئی کے وفد کے ساتھ کاروباری تعاون کے نئے راستوں اور مشترکہ منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔

دبئی چیمبرز کے بین الاقوامی تعلقات کے ایگزیکٹو نائب صدر سالم الشامسی نے کہا کہ آرمینیا کا یہ تجارتی مشن قفقاز خطے کے اقتصادی امکانات سے فائدہ اٹھانے کی دبئی کی حکمتِ عملی کا اہم حصہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ،"ہم دبئی کی کمپنیوں کو عالمی سطح پر مسابقتی بنانے کے لیے ضروری پلیٹ فارم اور معاونت فراہم کر رہے ہیں تاکہ وہ مضبوط شراکت داریوں کے ذریعے مشترکہ اقتصادی ترقی میں کردار ادا کر سکیں۔"

اعداد و شمار کے مطابق، دبئی کی غیر تیل تجارت آرمینیا کے ساتھ 2023 میں 14.6 ارب درہم سے بڑھ کر 2024 میں 25.7 ارب درہم تک پہنچ گئی، جو 76 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ جون 2025 کے اختتام تک 500 آرمینیائی کاروبار دبئی چیمبر کے فعال اراکین میں شامل ہو چکے تھے۔

فورم کے دوران دبئی چیمبر نے دبئی کے متحرک کاروباری ماحول اور آرمینیائی کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا۔
دبئی چیمبر اور انٹرپرائز آرمینیا کی جانب سے کی گئی پیشکشوں میں دونوں منڈیوں میں موجود امکانات پر روشنی ڈالی گئی۔

چیمبر کے مطابق، دبئی سے آرمینیا کو الیکٹرانک آلات، موٹر گاڑیاں و پرزے، بیوٹی پروڈکٹس، نکل، اور کپڑے جیسے شعبے برآمدات کے لیے نمایاں امکانات رکھتے ہیں۔
دوسری جانب، دبئی کی کمپنیوں کے لیے آرمینیا میں صارفین کی مصنوعات کی ریٹیل، لاجسٹک سروسز، ہوٹلنگ، سیاحت، خوراک و مشروبات، سیرامکس و گلاس، اور آئی سی ٹی کنسلٹنگ کے شعبے سرمایہ کاری کے لیے امید افزا ہیں۔

دبئی سے روانہ ہونے والے وفد میں 16 کمپنیوں کے نمائندے شامل تھے جو گاڑیوں کی صنعت، تعمیراتی مواد، توانائی، خوراک، صحت، ادویات، صنعتی انجینئرنگ، کیمیکل، شپنگ اور لاجسٹک سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھتے تھے۔