ابوظہبی میں گلوبل فوڈ وِیک 2025 کا کامیاب اختتام، 6.6 ارب درہم کے معاہدے طے

ابوظہبی، 25 اکتوبر 2025 (وام)--ابوظہبی میں گلوبل فوڈ وِیک 2025 اپنی تاریخ کے سب سے بڑے ایڈیشن کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا، جس میں 6.6 ارب درہم کے 58 تجارتی و سرمایہ کاری معاہدے طے پائے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 6.5 فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔

یہ تقریب ایڈنیک گروپ کی جانب سے ابوظہبی ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی (ADAFSA)، ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس (ADIO) اور دیگر اداروں کے تعاون سے منعقد کی گئی۔ تین روزہ ایونٹ میں 40 ہزار سے زائد مقامی و بین الاقوامی شرکاء نے شرکت کی، جنہیں جدید فوڈ و بیوریج مصنوعات اور زرعی ٹیکنالوجی سے متعارف کرایا گیا۔

تقریب میں پہلی بار گلوبل فوڈ ٹاکس، ایگری ٹیک فورم، اور الٹرنیٹو پروٹین انیشی ایٹو (PALT) جیسے نئے پروگرام متعارف کرائے گئے۔اس کے علاوہ 400 سے زائد بین الاقوامی خریداروں کے لیے خصوصی ہوسٹڈ بائرز پروگرام کا اہتمام کیا گیا، جس سے نمائش کنندگان کو براہ راست کاروباری مواقع میسر آئے۔ تقریب کے دوران 22 کلیدی تقاریر اور 30 ماہرین کے مباحثے ہوئے جن میں فوڈ سکیورٹی، پائیدار زراعت، اختراع، اور جدید ٹیکنالوجی پر بات کی گئی۔
ایگری ٹیک فورم میں 30 سے زائد سرمایہ کاری کے مواقع پیش کیے گئے، جبکہ فارمرز زون نے اماراتی کسانوں اور شہد کے پیداواری اداروں کو اپنی مصنوعات پیش کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کیا۔

شیخ منصور بن زاید ایگریکلچرل ایکسیلنس پویلین میں 150 نمایاں کسانوں اور مویشی پالنے والوں کو اعزازات دیے گئے۔ ایونٹ میں نیشنل کپ ٹیسٹرز چیمپئن شپ اور ورلڈ گورمیٹ شو بھی شامل تھے، جنہوں نے ایونٹ کو ثقافتی اور ذائقے کے لحاظ سے مزید دلکش بنایا۔ گلوبل فوڈ وِیک 2025 نے خوراک کے تحفظ اور زرعی پائیداری کے لیے ابوظہبی کے عالمی مرکز کے طور پر ابھرتے کردار کو مزید مستحکم کیا، اور یہ ظاہر کیا کہ متحدہ عرب امارات خوراک کی جدت، سرمایہ کاری، اور عالمی تعاون میں قائدانہ مقام رکھتا ہے۔