دبئی، 26 اکتوبر 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے دبئی میں "المکتوم آرکائیوز" کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر دبئی کے ولی عہد اور نائب وزیراعظم و وزیر دفاع، شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
یہ نیا ادارہ ایگزیکٹو آفس آف شیخ محمد بن راشد المکتوم کے زیرِ نگرانی قائم کیا گیا ہے، جس کا مقصد دبئی کے حکمرانوں اور المکتوم خاندان کے تاریخی ورثے کو محفوظ کرنا اور اسے آئندہ نسلوں تک منتقل کرنا ہے۔
"المکتوم آرکائیوز" دبئی کے حکمرانوں کے سوانحی، ادبی اور تاریخی ریکارڈز کا مکمل مرکز ہوگا، جہاں ان کے تحریری کام، تصاویر، خطوط، اور تاریخی دستاویزات کو محفوظ کیا جائے گا۔ ادارہ ان حکمرانوں کے اس کردار کو بھی نمایاں کرے گا جس کی بدولت دبئی ایک جدید عالمی ثقافتی اور معاشی مرکز بنا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں شیخ محمد بن راشد نے کہاکہ، “المکتوم آرکائیوز دبئی کی حکمرانی کی تاریخ پر مشتمل ایک قومی خزانہ ہے، ایک ایسی کھلی کتاب جو ترقی کے سفر کو بیان کرتی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ادارہ ہماری قومی تاریخ کو مضبوط بنانے کا نیا ستون ثابت ہوگا اور ان رہنماؤں کی قیادت و انسانی خدمت کے تجربات کا حوالہ دے گا جنہوں نے اپنی زندگیاں قوم کے لیے وقف کیں۔
ان کا کہنا تھاکہ،“قومی ورثہ محفوظ رکھنا ہمارا فرض ہے، اور آنے والی نسلوں کا حق بھی۔ حکمران کی کہانی اس کے عوام سے الگ نہیں ہو سکتی۔”
تقریب میں کئی اعلیٰ شخصیات شریک ہوئیں جن میں دبئی کے دوسرے نائب حکمران اور دبئی میڈیا کونسل کے چیئرمین عزت مآب شیخ احمد بن محمد بن راشد المکتوم، صدر دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی و چیئرمین ایمریٹس گروپ عزت مآب شیخ احمد بن سعید المکتوم، صدر یو اے ای نیشنل اولمپک کمیٹی عزت مآب شیخ منصور بن محمد بن راشد المکتوم، چیئرپرسن دبئی کلچر اینڈ آرٹس اتھارٹی محترمہ شیخہ لطیفہ بنت محمد بن راشد المکتوم اور دیگر معزز شخصیات اور اعلیٰ سرکاری عہدیداران شامل تھے۔
تقریب میں دو مختصر دستاویزی فلمیں "راشد دی لیڈر" اور "دبئی کے حکمران" بھی دکھائی گئیں۔
نمائش میں المکتوم خاندان کا شجرہ نسب، تاریخی کتب، اور نایاب تصاویر شامل تھیں جن میں 1894 سے لے کر موجودہ دور تک دبئی کے حکمرانوں کی تاریخی تصاویر پیش کی گئیں۔
ان میں شیخ مکتوم بن حشر المکتوم (1894–1906) اور شیخ بُطی بن سہیل المکتوم (1906–1912) کی ایسی تصاویر بھی شامل تھیں جو پہلی بار عوام کے سامنے پیش کی گئیں۔
شیخ محمد بن راشد کو آرکائیوز کے مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی، جس میں ڈیجیٹل ریکارڈ کی تیاری، قومی ماہرین کی تربیت، اور زبانی تاریخ کے تحفظ جیسے اقدامات شامل ہیں۔
ادارہ دبئی کے حکمرانوں کی سیاسی، سماجی، اور انتظامی خدمات پر تحقیق کے لیے بنیادی ماخذ کا کردار ادا کرے گا۔
شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اپنے حکمران کی حیثیت سے فرمان نمبر 44 سنہ 2025 جاری کیا، جس کے تحت المکتوم آرکائیوز فاؤنڈیشن کا بورڈ آف ڈائریکٹرز تشکیل دیا گیا۔ یہ بورڈ ایگزیکٹو آفس کے چیئرمین کی سربراہی میں کام کرے گا، اور اس میں دبئی میونسپلٹی، دبئی کلچر اتھارٹی، دبئی میڈیا کونسل، اور دیگر اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ فرمان کے مطابق یہ فیصلہ جاری ہونے کے دن سے مؤثر العمل ہوگا۔
چیئرمین محمد بن راشد المکتوم لائبریری فاؤنڈیشن محمد احمد المور نے کہا کہ دبئی کے حکمرانوں نے چیلنجز کو ترقی کے مواقع میں بدل کر امارت کو ایک حوصلہ، عزم، اور انسان دوستی کی مثال بنایا۔انہوں نے کہاکہ دبئی کی ترقی صرف معاشی نہیں بلکہ انسانی سفر ہے، ایسے حکمرانوں کی کہانی جو عوام کی خدمت کو مقصد اور انسانی فلاح کو مشن سمجھتے ہیں۔
المکتوم آرکائیوز مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کرے گا تاکہ تاریخی دستاویزات، کتابوں اور سوانح عمریوں کے تبادلے کے ذریعے تحقیقی، ثقافتی اور علمی شعور کو فروغ دیا جا سکے۔
ادارہ دبئی کے حکمرانوں کی قیادت، وژن اور خدمات پر مبنی کتب، ریفرنس مواد، اور میڈیا مواد شائع کرے گا۔
"المکتوم آرکائیوز" دبئی کی تاریخ، قیادت اور ورثے کو محفوظ رکھنے کا ایسا منفرد منصوبہ ہے جو نہ صرف موجودہ بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی اور تحریک کا ذریعہ بنے گا۔