دبئی، 26 اکتوبر 2025 (وام)--دبئی کے ولی عہد، متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر دفاع، اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم کی سرپرستی میں ایکسپو سٹی دبئی کے الوصل پلازا میں ایشیا پیسیفک سٹیز سمٹ اور میئرز فورم کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں دنیا بھر سے شہری قیادت کے نمائندے، میئرز، اور پالیسی ساز شریک ہوئے۔
افتتاحی اجلاس کا آغاز وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون اور ایکسپو سٹی دبئی اتھارٹی کی سی ای او ریئم الہاشمی اور سیکرٹری جنرل دبئی ایگزیکٹو کونسل عبداللہ محمد البستی نے کیا۔
ان کے ہمراہ برسبین کے لارڈ میئر ایڈرین شریندر بھی موجود تھے، جنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فورم کی 29 سالہ تاریخ میں پہلی بار اسے اس خطے میں منعقد کیا جا رہا ہے، جو خود ایک تاریخی لمحہ ہے۔
اس موقع پر عبداللہ محمد البستی نے کہاکہ، “دبئی ایک ایسا شہر ہے جو دنیا کو جوڑنے اور اختراعات کو فروغ دینے کے لیے جانا جاتا ہے۔ ایکسپو سٹی دبئی پائیدار شہری ترقی کا عملی نمونہ ہے، جہاں دنیا کے شہر بہترین تجربات بانٹ سکتے ہیں، نئی شراکت داریاں قائم کر سکتے ہیں، اور شہری زندگی، مساوات اور معیشتوں کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں کر سکتے ہیں۔”
افتتاحی تقریب سے خطاب کرنے والے مقررین نے کہا کہ، دنیا بھر کے میئرز اور شہری رہنما ایک مشترکہ مقصد کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔ افتتاحی تقریب میں المصل گنبد پر روشنیوں کے دلکش مناظر پیش کیے گئے اور فردوس آرکسٹرا نے خوبصورت موسیقی پیش کر کے ماحول کو مزید پرجوش بنا دیا۔
یہ تقریب آئندہ تین دنوں تک جاری رہے گی جس میں تخلیقی خیالات، اختراعات، اور شہروں کے مابین تعاون کے موضوعات پر سیشنز ہوں گے۔
یہ فورم برسبین سٹی کونسل کے تعاون سے ایکسپو سٹی دبئی میں 27 تا 29 اکتوبر تک منعقد ہو رہا ہے جس میں دنیا کے 300 سے زائد شہروں کے 150 سے زیادہ میئرز اور رہنما اس عالمی اجلاس میں شرکت کے لیے دبئی پہنچے ہیں۔