ادنوک ڈرلنگ کمپنی کے 2025 کے ابتدائی نو ماہ میں ریکارڈ مالی نتائج، آمدنی میں 27 فیصد اضافہ

ابوظہبی، 28 اکتوبر، 2025 (وام)--ادنوک ڈرلنگ کمپنی (PJSC) نے منگل کے روز 2025 کے ابتدائی نو ماہ کے مالی نتائج جاری کیے، جن کے مطابق کمپنی کی آمدنی گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 27 فیصد بڑھ کر 3.63 ارب امریکی ڈالر ہو گئی، جب کہ خالص منافع 17 فیصد اضافے کے ساتھ 1.06 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ اسی دوران کمپنی کا فری کیش فلو 174 فیصد اضافے سے 1.2 ارب ڈالر تک جا پہنچا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ ریکارڈ منافع اور کیش جنریشن مضبوط آپریشنل کارکردگی، طویل مدتی معاہدوں اور فلیٹ میں مصنوعی ذہانت سے چلنے والی جدید ٹیکنالوجیز کے وسیع استعمال کا نتیجہ ہے۔

ادنوک ڈرلنگ کے سی ای او عبداللہ عطیہ المسابی نے کہاکہ، ’’2025 میں ہماری ریکارڈ کارکردگی ہمارے کاروباری ماڈل کی مضبوطی اور پائیداری کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط پر مبنی عمل درآمد کی عکاسی کرتی ہے۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ کمپنی غیر روایتی منصوبوں میں توسیع کرتے ہوئے سالانہ 300 سے زائد کنویں کھودنے کی صلاحیت حاصل کر رہی ہے، اپنے انٹیگریٹڈ ڈرلنگ سروسز (IDS) کے فلیٹ کو 70 رگز تک بڑھا رہی ہے، اور اس دہائی کے اختتام تک نئے آف شور جزائر میں آپریشنز شروع کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

المسابی نے مزید کہاکہ، ’’یہ سنگِ میلز ہمیں اربوں ڈالر کی نئی آمدنی کے مواقع فراہم کریں گے، جو ہماری اندرونی مہارت کے باعث محفوظ اور مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام کے ذریعے تقویت یافتہ ہوں گے۔ ہماری بہتر منافع بخش پالیسی کے تحت 2030 تک کم از کم 6.8 ارب ڈالر کے منافع کی تقسیم کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس سے ادنوک ڈرلنگ مستحکم اور بڑھتے ہوئے شیئر ہولڈر منافع کے حوالے سے عالمی معیار قائم کر رہی ہے۔‘‘

ادنوک ڈرلنگ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 2025 کی تیسری سہ ماہی کے لیے 250 ملین امریکی ڈالر (تقریباً 5.7 فلس فی شیئر) کے منافع کی منظوری دی ہے، جو نومبر 2025 کی دوسری ششماہی میں اُن شیئر ہولڈرز کو ادا کیا جائے گا جن کے نام 6 نومبر 2025 تک رجسٹر ہوں گے۔ یہ فیصلہ سرمایہ کاروں کے لیے مستحکم اور قابلِ اعتماد آمدنی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

کمپنی کا بہتر ڈویڈنڈ فریم ورک، جو ’’ادنوک انویسٹر مجلس‘‘ میں پیش کیا گیا، آئندہ سالانہ جنرل اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اس کے تحت 2025 سے 2030 تک کم از کم 6.8 ارب ڈالر کے منافع کی تقسیم کا منصوبہ ہے، جو سرمایہ کاروں کو طویل مدتی اعتماد اور شفافیت فراہم کرے گا۔

شعبہ جاتی کارکردگی کے لحاظ سے، آن شور ڈویژن کی آمدنی 13 فیصد اضافے کے ساتھ 1.52 ارب ڈالر رہی، جس میں غیر روایتی کاروبار کا نمایاں کردار رہا۔

آف شور (جیک اپ اور جزائر) کاروبار نے 1.04 ارب ڈالر کی آمدنی حاصل کی، جو 3 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ یہ اضافہ جزائر پر موجود رگز کی بحالی اور دوسری سہ ماہی کے اختتام پر جیک اپ آپریشنز کے آغاز کے باعث ہوا۔

آئل فیلڈ سروسز سے حاصل ہونے والی آمدنی 114 فیصد اضافے کے ساتھ 1.07 ارب ڈالر رہی، جس میں غیر روایتی منصوبوں سے 385 ملین ڈالر، انٹیگریٹڈ ڈرلنگ سروسز (IDS) کی بڑھتی ہوئی سرگرمی، اور اضافی سروسز کا کردار شامل ہے۔