سمندری طوفان ’’میلیسا‘‘ کیوبا کی جانب بڑھنے لگا، جمیکا میں تاریخ کا بدترین طوفان، لاکھوں افراد متاثر

کنگسٹن، 29 اکتوبر، 2025 (وام)--سمندری طوفان ’’میلیسا‘‘ نے جمیکا میں تباہی مچانے کے بعد منگل کو کیوبا کے دوسرے بڑے شہر کی جانب رخ کیا۔ امریکی نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق یہ طوفان کیٹیگری 4 کی شدت کے ساتھ انتہائی طاقتور صورت اختیار کر چکا ہے، جب کہ اس کی ہواؤں کی رفتار 295 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی جو کیٹیگری 5 کے کم از کم معیار یعنی 252 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کہیں زیادہ ہے۔

طوفان نے جنوب مغربی جمیکا کے شہر "نیو ہوپ" کے قریب زمین سے ٹکرایا، اور اسے ملک کی تاریخ کا سب سے شدید سمندری طوفان قرار دیا جا رہا ہے۔

جمیکا کے جنوب مغربی علاقے سینٹ الیزبتھ کو ’’پانی میں ڈوبا ہوا‘‘ بتایا جا رہا ہے، جہاں پانچ لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ’’میلیسا‘‘ اب شمال مشرق کی جانب مڑ رہا ہے اور اس کا رخ کیوبا کے شہر سانتیاگو ڈی کیوبا کی طرف ہے، جو ملک کا دوسرا سب سے زیادہ آبادی والا شہر ہے۔
کیوبن حکام نے پانچ لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا حکم دیا ہے۔

دوسری جانب، بہاماز میں بھی، جو طوفان کے ممکنہ راستے میں واقع ہے، حکومت نے جنوبی علاقوں کے باشندوں کو فوری انخلا کا حکم دیا ہے۔

طوفان کے مشرقی راستے پر واقع جزیرہ، جس پر ہیٹی اور ڈومینیکن ریپبلک واقع ہیں، گزشتہ کئی دنوں سے شدید بارشوں کی زد میں ہے۔ مقامی حکام کے مطابق کم از کم چار افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ جمیکا میں طوفان کی تیاریوں کے دوران تین افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ’’میلیسا‘‘ آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید شدت اختیار کر سکتا ہے، جس سے طوفانی ہوائیں، شدید بارشیں، اور اچانک سیلاب خطے کے دیگر جزائر تک پھیلنے کا خدشہ ہے۔