چین میں دنیا کا بلند ترین پنپ اسٹوریج پاور اسٹیشن فعال، ہر سال 1.35 ارب کلو واٹ گھنٹے سبز بجلی پیدا کرے گا

بیجنگ، 29 اکتوبر، 2025 (وام)--چین نے منگل کے روز مشرقی صوبہ جیانگسو میں دنیا کے بلند ترین پنپ اسٹوریج پاور اسٹیشن، اسٹیٹ گرڈ شنیوان جیانگسو جُرونگ پنپ اسٹوریج پاور اسٹیشن کو باضابطہ طور پر فعال کیاہے۔

یہ منصوبہ مکمل آپریشن کے بعد سالانہ 1.35 ارب کلو واٹ گھنٹے صاف اور قابلِ تجدید توانائی پیدا کرے گا، جب کہ اس کی کل نصب شدہ صلاحیت 1.35 ملین کلو واٹ ہے۔

اس پاور اسٹیشن کی بلندی 182.3 میٹر ہے جو تقریباً 60 منزلہ عمارت کے برابر ہے اور یہ اپنی نوعیت کا دنیا کا سب سے بلند پنپ اسٹوریج ڈیم ہے۔ یہ اسٹیشن 1 کروڑ 70 لاکھ 70 ہزار مکعب میٹر پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

چین کے 14ویں پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے (2021–2025) کے دوران ملک میں 44.53 ملین کلو واٹ سے زیادہ نئی پنپ اسٹوریج صلاحیت شامل کی گئی ہے، جب کہ اسٹیٹ گرڈ کارپوریشن آف چائنا نے اسی مدت میں 78 نئے پنپ اسٹوریج یونٹس کو فعال کیا ہے۔