عجمان پولیس کو عالمی بینچ مارکنگ ایوارڈ 2025 میں پہلی پوزیشن حاصل، ادارہ جاتی بہترین کارکردگی کی عالمی مثال قرار

عجمان، 29 اکتوبر، 2025 (وام)--عجمان پولیس جنرل کمانڈ نے نیوزی لینڈ میں منعقدہ گلوبل بینچ مارکنگ ایوارڈ 2025 میں دنیا بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ یہ ایوارڈ سینٹر فار آرگنائزیشنل ایکسیلنس ریسرچ (COER) کی جانب سے پیش کیا گیا، جو ادارہ جاتی کارکردگی کے بین الاقوامی معیار میں نمایاں بہتری کے لیے دیا جاتا ہے۔

ایوارڈ عجمان پولیس کی بین الاقوامی معیار پر مبنی نظامِ کارکردگی، مسلسل بہتری، اختراع اور بینچ مارکنگ سسٹم کے مؤثر نفاذ کے اعتراف میں دیا گیا۔

یہ ایوارڈ عجمان پولیس کے نائب کمانڈر انچیف بریگیڈیئر خالد محمد النعیمی نے ڈاکٹر روبن مین (ڈائریکٹر، COER) سے وصول کیا۔ تقریب میں مختلف ممالک کے اعلیٰ حکام اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

ڈائریکٹر برائے اسٹریٹیجی و پرفارمنس ڈیولپمنٹ کرنل سیف عبداللہ الفلاسی نے کہا کہ یہ اعزاز عجمان پولیس کے اُس تسلسلِ عمل کانتیجہ ہے جس کا مقصد ایک مربوط ادارہ جاتی نظام تشکیل دینا ہے، جو مسلسل سیکھنے، علم کے تبادلے اور بہترین عالمی طریقوں پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عجمان پولیس آج ادارہ جاتی کارکردگی، استحکام اور پائیداری کے لحاظ سے عالمی معیار کا نمونہ بن چکی ہے۔

کرنل الفلاسی نے کمانڈر انچیف عجمان پولیس میجر جنرل شیخ سلطان بن عبداللہ النعیمی کا شکریہ ادا کیا جن کی مستقل رہنمائی اور حمایت اس کامیابی کا بنیادی سبب بنی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی تمام محکموں اور ورک ٹیموں کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایوارڈ عجمان پولیس کے اُس وژن کی عملی تعبیر ہے جس کا مقصد ادارہ جاتی بہترین کارکردگی اور عالمی قیادت کا حصول ہے، جو وزارتِ داخلہ کی ہدایات، عجمان حکومت کی اسٹریٹیجی، اور متحدہ عرب امارات کے وژن 2031 سے مطابقت رکھتا ہے۔