شارجہ، 30 اکتوبر، 2025 (وام)--شارجہ چیریٹی انٹرنیشنل (SCI) نے اعلان کیا ہے کہ ادارے نے سال 2025 کے پہلے نو ماہ کے دوران 77.2 ملین درہم کی اندرونِ امارات امداد فراہم کی، جس سے 48,007 افراد کو فائدہ پہنچا ہے۔
یہ امدادی مہم کم آمدنی والے اور ضرورت مند خاندانوں کی معاونت کے لیے تنظیم کی مسلسل فلاحی کوششوں کا حصہ ہے۔
نائب چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز محمد راشد بن بیات نے کہا کہ اندرونِ ملک امدادی پروگرام ادارے کے انسانی ہمدردی کے مشن کا بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امداد کی یہ وسعت فلاحی منصوبوں کے بڑھتے دائرہ کار اور ادارے کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ مستحقین تک مدد پہنچائی جائے اور یہ سب کچھ حاکمِ شارجہ عزت مآب شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی کی ہدایات کے مطابق معاشرتی یکجہتی اور ہمدردی کو فروغ دینے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
بن بیات نے بتایا کہ ماہانہ امداد کی مد میں 6.4 ملین درہم کی رقم 4,663 افراد کو فراہم کی گئی، جن میں بیوائیں، مطلقہ خواتین، بزرگ شہری اور کم آمدنی والے افراد شامل ہیں۔
اس کے علاوہ، ہنگامی امداد کی مد میں 53.7 ملین درہم تقسیم کیے گئے، جن میں مختلف ضرورت مند شعبے شامل ہیں۔ تعلیمی معاونت کے تحت 1,025 طلبہ کو 6.7 ملین درہم فراہم کیے گئے، جبکہ طبی علاج کے لیے 1,008 مریضوں کو 28.6 ملین درہم کی امداد دی گئی۔ اسی طرح عام امداد کے طور پر 1,208 افراد کو 5.8 ملین درہم اور رہائشی مدد کے لیے 1,170 افراد کو 10.7 ملین درہم کی رقم فراہم کی گئی۔ ادارے نے مزید بتایا کہ 33 شادیوں کے لیے 318,000 درہم کی امداد دی گئی، جبکہ 64 افراد کو "آسان حج پروگرام" کے تحت حج کی ادائیگی میں معاونت فراہم کی گئی۔
موسمی مہمات کے حوالے سے، بن بیات نے بتایا کہ 15 ملین درہم رمضان اور عیدالاضحی مہمات کے لیے مختص کیے گئے، جن میں افطار کی تقسیم، عید کے کپڑے، زکوة المال اور قربانی کا گوشت تقسیم کرنے جیسے منصوبے شامل تھے۔ اسی طرح “ضرورت مندوں کو خوراک کی فراہمی” کے منصوبے پر 2.5 ملین درہم خرچ کیے گئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسی عرصے کے دوران 644 شہریوں کو 7.8 ملین درہم کی امداد فراہم کی گئی۔ اس مقصد کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی جو درخواستوں کا شفاف جائزہ لے کر امداد صرف حقدار اور ضرورت مند افراد تک پہنچانے کو یقینی بناتی ہے تاکہ معاشرے میں سماجی اطمینان کو فروغ دیا جا سکے۔