ابوظہبی، 30 اکتوبر، 2025 (وام)--این ایم ڈی سی گروپ نے سال 2025 کے پہلے نو ماہ کے لیے بہترین مالیاتی نتائج کا اعلان کیا ہے، جن کے مطابق آمدنی میں سال بہ سال 11 فیصد اضافہ ہو کر 20.5 بلین درہم تک پہنچ گئی، جبکہ خالص منافع میں 26 فیصد اضافہ کے بعد یہ 2.8 بلین درہم ہو گیا۔ اسی عرصے میں خالص منافع کا تناسب بڑھ کر 13.5 فیصد رہا، جو کمپنی کی مضبوط منصوبہ بندی، کارکردگی اور منافع بخش منصوبہ جات کی عکاسی کرتا ہے۔
گروپ کا پروجیکٹس بیک لاگ ستمبر 2025 کے اختتام تک بڑھ کر 62.3 بلین درہم تک پہنچ گیا، جس میں جغرافیائی توسیع پر مبنی حکمتِ عملی نے اہم کردار ادا کیا۔ رواں سال کے پہلے نو ماہ میں کل نئے منصوبے 17.7 بلین درہم کے رہے، جن میں سے 38 فیصد بین الاقوامی مارکیٹس سے حاصل ہوئے۔
این ایم ڈی سی گروپ نے تیسرے سہ ماہی (3Q 2025) میں پہلی بار فلپائن میں قدم رکھا اور منیلا بے میں 610.1 ملین امریکی ڈالر کے منصوبے پر کام شروع کیا، جب کہ عمان کے شہر صلالہ میں 104.2 ملین امریکی ڈالر کی لاگت سے ایک نئی مرینہ کی تعمیر کا معاہدہ بھی جیتا۔ اس کے علاوہ، این ایم ڈی سی انرجی کو تائیوان میں 1.136 بلین امریکی ڈالر مالیت کے زیرِ سمندر گیس پائپ لائن منصوبے کے لیے EPC کنٹریکٹ دیا گیا۔
مجموعی طور پر گروپ کا پروجیکٹس پائپ لائن ستمبر کے اختتام تک بڑھ کر 89 بلین درہم تک جا پہنچی، جو اس کے مختلف ذیلی شعبوں ‘NMDC D&M، NMDC Energy، اور NMDC Infra’ میں متنوع ترقی کو ظاہر کرتی ہے۔
اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز محمد ثانی الرمیثی نے کہا کہ، “این ایم ڈی سی گروپ دنیا بھر میں مختلف صنعتوں میں نجی اور سرکاری شعبوں کا ایک قابلِ اعتماد پارٹنر بن چکا ہے۔ گزشتہ نو ماہ کی مضبوط کارکردگی ہماری صلاحیتوں، حکمتِ عملی پر مبنی شراکت داریوں اور درستگی سے منصوبے مکمل کرنے کی اہلیت کا ثبوت ہے۔”
اسی طرح گروپ سی ای او انجینئر یاسر زغلول نے کہا کہ، “ہمارے نتائج ہماری آپریشنل کارکردگی، کاروباری تنوع، اور بین الاقوامی وسعت پر مرکوز حکمتِ عملی کی عکاسی کرتے ہیں۔ کلائنٹس کا اعتماد اور ہمارے کامیاب منصوبہ جات اس بات کا ثبوت ہیں کہ این ایم ڈی سی گروپ عالمی سطح پر ترقی کے نئے سنگ میل قائم کر رہا ہے۔”