ابوظہبی میں "ڈرفٹ ایکس" کی دوسری ایڈیشن کا انعقاد، جدید خودکار ٹیکنالوجیز کی نمائش 10 سے 12 نومبر تک ہوگی

ابوظہبی، 30 اکتوبر 2025 (وام)--ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس نے اعلان کیا ہے کہ ابوظہبی میں خودکار اور سمارٹ ٹیکنالوجیز کے بین الاقوامی ایونٹ “ڈرفٹ ایکس (DRIFTx)” کی دوسری ایڈیشن 10 سے 12 نومبر تک یاس مرینا سرکٹ میں منعقد ہوگی۔

یہ تقریب سمارٹ اینڈ آٹونومس سسٹمز کونسل کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے پہلے “ابوظہبی آٹونومس ویک” کا حصہ ہے، جس میں ہوا، خشکی، سمندر اور روبوٹکس کے شعبوں میں جدید ترین خودکار ٹیکنالوجیز کی نمائش کی جائے گی۔ اس موقع پر دنیا بھر سے ماہرین، سرمایہ کار، پالیسی ساز اور ریگولیٹرز شرکت کریں گے تاکہ مستقبل کی ٹرانسپورٹ اور خودکار نظاموں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

گزشتہ سال کے کامیاب ایڈیشن میں 8,000 سے زائد شرکاء نے 65 سے زیادہ ممالک سے شرکت کی تھی، اور 12 اسٹریٹجک معاہدوں پر دستخط کیے گئے تھے۔ اس سال کا ایونٹ وسیع تر پیمانے پر منعقد ہوگا، جس میں تین دن تک آٹونومس ایئر ٹیکسیاں، خودکار گاڑیاں، سمندری جہاز اور روبوٹک سسٹمز حقیقی ماحول میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

اس بار روبوٹکس کے شعبے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی، جو لاجسٹکس، ایڈوانسڈ مینوفیکچرنگ اور شہری خدمات میں تیزی سے بڑھتا ہوا کردار ادا کر رہا ہے۔ فضائی، زمینی اور بحری ٹیکنالوجی میں روبوٹکس کے انضمام کے ذریعے ڈرفٹ ایکس ابوظہبی کے ٹیکنالوجیکل انٹیگریشن ماڈل کی عکاسی کرتا ہے، جو نقل و حرکت کے جدید حل کو صنعتی ترقی سے جوڑتا ہے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس بدر العلماءنے کہا کہ ڈرفٹ ایکس، ابوظہبی کے سمارٹ اینڈ آٹونومس ویہیکل انڈسٹری (SAVI) کلسٹر کا فلیگ شپ ایونٹ ہے جو امارت کے جدید، سرمایہ کاری دوست اور اختراعی ماحول کی کامیابی کا مظہر ہے۔ ابوظہبی مختلف اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر نقل و حمل کے مستقبل کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈرفٹ ایکس محض ایک نمائش نہیں بلکہ ایک کمرشل پلیٹ فارم ہے جو سرمایہ کاروں، ریگولیٹرز اور صنعتوں کے درمیان براہ راست تعاون کو فروغ دیتا ہے تاکہ پروٹوٹائپس اور پائلٹ منصوبوں کو عملی شکل دی جا سکے۔

نمائش کے دوران سرمایہ کاروں کو تجارتی طور پر قابلِ عمل اور توسیع پذیر ٹیکنالوجیز سے متعارف کرایا جائے گا، جنہیں طویل مدتی اقتصادی تبدیلی کے لیے حکومتی تعاون حاصل ہے۔ زائرین کے لیے یہ موقع ہوگا کہ وہ دیکھ سکیں خودکار نظام کس طرح حفاظت، کارکردگی اور اعتماد میں بہتری لا رہے ہیں، جو مستقبل میں معاشرتی قبولیت کی بنیاد فراہم کرے گا۔

عالمی سطح پر ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لیے ڈرفٹ ایکس نہ صرف اپنی مصنوعات کی نمائش کا موقع فراہم کرتا ہے بلکہ ابوظہبی کے ذریعے خلیجی، افریقی اور جنوبی ایشیائی منڈیوں تک رسائی کا ایک مؤثر ذریعہ بھی ہے۔ یہ پوزیشن مزید مستحکم ہے کیونکہ یو اے ای کے جامع اقتصادی شراکت معاہدے (CEPAs) دنیا بھر میں 2.5 بلین صارفین تک ترجیحی رسائی فراہم کرتے ہیں۔

ڈرفٹ ایکس، سمارٹ اینڈ آٹونومس ویہیکل انڈسٹریز (SAVI) کلسٹر کا مرکزی ایونٹ ہے جو ابوظہبی کا کثیر الجہتی مرکز ہے جہاں ہوا، خشکی، سمندر اور روبوٹکس کی جدید ٹیکنالوجیز فروغ پا رہی ہیں۔ یہ ایونٹ ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس کی اُس جامع حکمتِ عملی کا حصہ ہے جو جدید صنعتوں کے قیام، عالمی کمپنیوں کی توجہ حاصل کرنے اور نالج بیسڈ روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر مرکوز ہے۔

آٹونومس ویہیکل انڈسٹری کلسٹر سے توقع ہے کہ وہ ابوظہبی کی معیشت میں 44 بلین درہم کا اضافہ کرے گا اور 35,000 سے زائد ملازمتیں پیدا کرے گا۔