ابوظبی کے ولی عہد کا جنوبی کوریا پہنچنے پر عمدہ استقبال، ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن فورم میں شرکت

گیانگجو، کوریا، 30 اکتوبر 2025 (وام)--ابوظہبی کے ولی عہد عزت مآب شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان جنوبی کوریا پہنچ گئے، جہاں وہ امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی جانب سے ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پی ای سی) فورم میں شرکت کریں گے۔

یہ دورہ جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ کی دعوت پر منعقد کیاگیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی شرکت کا مقصد اے پی ای سی ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینا اور مختلف اہم شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داری کے مواقع بڑھانا ہے۔

اے پی ای سی فورم 1989 میں قائم کیا گیا تھا، جو اپنے 21 رکن ممالک کے سربراہانِ مملکت اور حکومتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتا ہے تاکہ علاقائی اقتصادی انضمام، آزاد تجارت کے فروغ، سرمایہ کاری کے حوصلہ افزائی اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جا سکیں۔

یہ فورم دنیا کی تقریباً 40 فیصد آبادی اور 60 فیصد عالمی جی ڈی پی کی نمائندگی کرتا ہے، جس کے باعث یہ فورم عالمی اقتصادی چیلنجز کے حل اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے ایک نہایت اہم پلیٹ فارم بن گیا ہے۔