ابوظہبی، 31 اکتوبر، 2025 (وام)--لیوا انٹرنیشنل فیسٹیول 2026 کی تنظیمی کمیٹی نے فیسٹیول کی مختلف خدمات اور سرگرمیوں کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا ہے۔ یہ فیسٹیول 12 دسمبر 2025 سے 3 جنوری 2026 تک الظفرہ ریجن کے علاقے لیوا میں منعقد کیا جائے گا۔
یہ سالانہ ایونٹ محکمہ ثقافت و سیاحت – ابوظہبی کے زیر اہتمام، لیوا اسپورٹس کلب، الظفرہ میونسپلٹی، ابوظبی پولیس، ابوظہبی اسپورٹس کونسل اور مرال کے اشتراک سے، جبکہ ابوظہبی میڈیا نیٹ ورک کے شراکت دار کے طور پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ 23 روزہ فیسٹیول نے خود کو خطے کے نمایاں موسمِ سرما کے سیاحتی و تفریحی مقامات میں سے ایک کے طور پر مستحکم کر لیا ہے۔
فیسٹیول میں مہم جو افراد، کیمپنگ کے شوقین، ثقافتی کھیلوں اور موٹر ریسنگ کے مداحوں کے لیے مختلف سرگرمیاں شامل ہوں گی۔ ایونٹ میں عالمی شہرت یافتہ مقابلہ باز حصہ لیں گے جبکہ آتش بازی، موسیقی کے لائیو پروگرامز اور ریگستانی تفریحی سرگرمیاں بھی فیسٹیول کا حصہ ہوں گی، جو الظفرہ کے حسین صحرا کے دلکش مناظر میں منعقد ہوں گی۔
منظور شدہ شیڈول کے مطابق، تجارتی خدمات کے لیے رجسٹریشن یکم نومبر 2025 سے شروع ہوگی، کیمپنگ ریزرویشن (مفت اور مخصوص علاقوں کے لیے) 5 نومبر سے شروع ہوں گی، جبکہ ریسنگ مقابلوں میں شرکت کی رجسٹریشن 15 نومبر سے کھولی جائے گی۔ مرحلوں میں تقسیم شدہ رجسٹریشن پلان کا مقصد تمام شرکاء اور زائرین کے لیے بلا تعطل اور منظم تجربہ یقینی بنانا ہے۔
کمیٹی نے تمام دلچسپی رکھنے والے افراد کو دعوت دی ہے کہ وہ فیسٹیول کی سرکاری ویب سائٹ پر جا کر یا لیوا اسپورٹس کلب کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو فالو کر کے تازہ ترین معلومات اور رجسٹریشن کی تفصیلات حاصل کریں۔