ابوظہبی میں ایڈیپیک 2025 کا آغاز، 2 لاکھ سے زائد شرکاء توانائی کے مستقبل پر گفتگو کریں گے

ابوظہبی، 3 نومبر، 2025 (وام)--دنیا کے سب سے بڑا توانائی کے اجتماع ایڈیپیک 2025 کا آج ابوظہبی میں ابوظہبی نیشنل ایگزیبیشن سینٹر (ایڈینک) میں آغاز ہوا، جس میں عالمی توانائی شعبے کی سرکردہ شخصیات شریک ہیں۔

یہ چار روزہ تقریب 3 سے 6 نومبر تک جاری رہے گی، جس میں مختلف ممالک کے وزراء، اعلیٰ حکام اور توانائی کے شعبے سے تعلق رکھنے والے اہم فیصلہ ساز شریک ہیں۔

ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی (ادنوک) کے زیرِ اہتمام منعقدہ اس پروگرام میں دنیا بھر سے تقریباً دو لاکھ پانچ ہزار شرکاء کی آمد متوقع ہے، جو 172 ممالک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ اس موقع پر 2,250 کمپنیاں اپنی نمائش پیش کر رہی ہیں جبکہ 1,800 مقررین صنعت، سرمایہ کاری، اختراع اور پالیسی سازی کے موضوعات پر اظہارِ خیال کریں گے۔

ایڈیپیک 2025 ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ ابوظہبی عالمی سطح پر توانائی، صنعت اور ٹیکنالوجی کے مستقبل کی تشکیل میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے، جہاں مختلف شعبوں کے رہنما ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر پائیدار ترقی کے اہداف پر بات چیت کر رہے ہیں۔