اماراتی پرچم اتحاد اور قومی فخر کی علامت ہے: حکمران عجمان

عجمان، 3 نومبر، 2025 (وام)--سپریم کونسل کے رکن اور عجمان کے حکمران شیخ حمید بن راشد النعیمی نے یومِ پرچم کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ متحدہ عرب امارات کا پرچم اتحاد، وفاداری اور فخر کی علامت ہے، جو ہر اماراتی کے لیے جذبۂ حب الوطنی اور خدمتِ وطن کی تحریک بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن ملک کی کامیابیوں کے تحفظ اور اس کے پرچم کو ہمیشہ بلند رکھنے کے عزم کی تجدید کا موقع ہے۔

شیخ حمید بن راشد النعیمی نے اس موقع پر امارات کے صدرعزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان، نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم، دیگر امارات کے حکمرانوں، نائب صدر، نائب وزیر اعظم اور صدارتی دیوان کے چیئرمین شیخ منصور بن زاید النہیان اور متحدہ عرب امارات کی عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ یومِ پرچم وفاداری، اتحاد اور تعلقِ وطن کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے، جو ترقی و خوشحالی کے ہدف کی جانب پر اعتماد انداز میں آگے بڑھنے کے عزم کو مضبوط بناتا ہے۔

عجمان کے حکمران کے مطابق قومی پرچم ہماری شناخت اور وابستگی کی علامت ہے، جو اماراتی عوام، ان کی سرزمین اور ثقافت کے درمیان مضبوط رشتہ ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرچم ان بہادر شہداء کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے عزت و وقار کے ساتھ وطن کا پرچم بلند رکھنے کے لیے اپنی جانیں نثار کیں۔