متحدہ عرب امارات کا تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان امن معاہدے کے نفاذ کا خیرمقدم

ابوظہبی، 4 نومبر، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات نے مملکتِ تھائی لینڈ اور مملکتِ کمبوڈیا کے درمیان امن معاہدے کے نفاذ کے آغاز کا خیرمقدم کیا ہے، جس پر گزشتہ دنوں ملیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں دستخط کیے گے تھے۔

امارات نے کہا کہ اس اہم قدم کو جنوب مشرقی ایشیا میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے بنیاد بنایا جانا چاہیے، تاکہ باہمی مکالمے کو آگے بڑھایا جا سکے، ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات مضبوط ہوں، اور دونوں اقوام کی ترقی و خوشحالی کی خواہشات پوری کی جا سکیں۔

متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سفارتی کوششوں کو سراہا، جنہوں نے اس معاہدے تک پہنچنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے میں کردار ادا کیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ملیشیا کا کردار مذاکرات کی میزبانی اور سہولت کاری کے حوالے سے نہایت اہم رہا، جس نے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر امن و استحکام کے فروغ میں مدد فراہم کی۔

امارات نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان تعاون اور باہمی سمجھ بوجھ کو مزید مستحکم کرے گا۔ ساتھ ہی امارات نے دونوں دوست ممالک کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو ایک بار پھر اجاگر کیا اور ہر اس کوشش کی حمایت کی ہے جو امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے ضروری ہے۔