یو اے ای کا سوڈان میں فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی پر زور

ابوظہبی، 5 نومبر، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات نے سوڈان میں فوری انسانی جنگ بندی اور جامع سیزفائر کے لیے کی جانے والی علاقائی و بین الاقوامی کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے، تاکہ جنگ سے متاثرہ شہریوں تک امداد پہنچائی جا سکے اور جاری انسانی تکالیف خاتم ہوسکے۔

امارات نے سوڈان کے مختلف جنگ زدہ علاقوں، خصوصاً الفتاشر شہر میں عام شہریوں کے خلاف ہونے والی سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خوفناک جرائم کی شدید مذمت کی۔ وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ شہری آبادی، رہائشی علاقوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا خطرناک اضافہ ہے اور یہ بین الاقوامی انسانی قوانین اور اخلاقی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ سوڈان میں جاری مظالم انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں آتے ہیں، جن پر عالمی برادری کو متحد اور ٹھوس موقف اختیار کرنا چاہیے۔

وزارتِ خارجہ نے فریقین پر زور دیا کہ وہ شہریوں کے تحفظ کی اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں اور امدادی سامان کی فوری، محفوظ اور بلا رکاوٹ ترسیل کو یقینی بنائیں۔ وزارت نے واضح کیا کہ انسانی امداد کو سیاسی یا عسکری مقاصد کے لیے استعمال کرنا کسی صورت قبول نہیں ہے۔

امارات نے کہا کہ سوڈان سے متعلق "کواڈ" کا مشترکہ بیان بحران کے حل کی جانب ایک تاریخی قدم ہے، جو صورتحال کا درست تجزیہ اور واضح لائحۂ عمل پیش کرتا ہے جس کا آغاز انسانی جنگ بندی اور اختتام سول حکومت کے قیام پر ہوتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ سوڈان کے مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں، اور خطے سمیت عالمی سطح پر موجود اتفاقِ رائے امن کے قیام اور ملک کی وحدت برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

امارات نے اپنے مستقل مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ فوری جنگ بندی، سیاسی حل اور جامع قومی مکالمہ ہی وہ واحد راستہ ہے جو سوڈان میں جاری خانہ جنگی کے خاتمے، قومی استحکام اور بھائی چارے پر مبنی سوڈانی عوام کی تکالیف میں کمی لا سکتا ہے۔