ابوظہبی میں انٹرنیشنل سیکیورٹی الائنس کا وزارتی اجلاس

ابوظہبی، 6 نومبر، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیرِ داخلہ لیفٹیننٹ جنرل عزت مآب شیخ سیف بن زاید النہیان کی زیرِ صدارت انٹرنیشنل سیکیورٹی الائنس کا چھٹا وزارتی اجلاس ابوظہبی کے ایمیرٹس پیلس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اتحاد کے رکن ممالک کے وزرائے داخلہ نے شرکت کی۔

اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے شیخ سیف بن زاید نے تمام وزراء کا امارات کو “ان کا دوسرا گھر” قرار دیتے ہوئے خیرمقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت میں امارات نے رواداری کو قومی قدر، بقائے باہمی کو تفاہم کا پل، اور امن کو عالمی پیغام بنایا ہے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی سلامتی کا مستقبل انفرادی کوششوں پر نہیں بلکہ اجتماعی تعاون اور اعتماد پر منحصر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کی بنیاد امن و استحکام ہے، اور اس کے لیے بین الاقوامی اشتراک اور ہم آہنگی ناگزیر ہے۔

شیخ سیف بن زاید نے اعلان کیا کہ فیڈریٹو ریپبلک آف برازیل نے انٹرنیشنل سیکیورٹی الائنس میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ برازیل کی شمولیت اتحاد کے عالمی دائرۂ اثر میں ایک اہم سنگِ میل ہے، جو اس کے بین الاقوامی کردار اور مؤثریت کو مزید تقویت دے گی۔ ان کے مطابق، یہ پیش رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا انٹرنیشنل سیکیورٹی الائنس کے وژن یعنی انسانی سلامتی، امن اور مشترکہ عالمی تعاون کے فروغ کو تسلیم کر رہی ہے۔