اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے شام کے صدر احمد الشرع کا نام دہشت گردی کی پابندیوں کی فہرست سے نکال دیا

نیویارک، 7 نومبر، 2025 (وام)--اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے جمعرات کے روز قرارداد 2799 منظور کی، جس کے تحت شام کے صدر احمد الشرع کا نام ان افراد کی فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے جن پر دہشت گرد تنظیموں داعش اور القاعدہ سے تعلق کے شبہے میں پابندیاں عائد تھیں۔

امریکی مسودے پر مبنی اس قرارداد کے ذریعے شام کے وزیرِ داخلہ انس خطاب پر عائد پابندیاں بھی ختم کر دی گئیں۔ قرارداد کے حق میں 14 ووٹ آئے، جب کہ چین نے رائے شماری سے اجتناب کیا۔

سلامتی کونسل نے اس موقع پر شام کی خودمختاری، آزادی، علاقائی سالمیت اور قومی وحدت کے احترام کے عزم کا اعادہ کیا اور شامی عوام کے لیے اپنی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا ہے۔

قرارداد میں شام کی اس عزم کا خیرمقدم بھی کیا گیا کہ وہ ملک میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنائے گا، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات کرے گا اور انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔