اقوامِ متحدہ کے انسانی ہمدردی امور کے سربراہ کا غزہ میں امدادی رکاوٹیں کم کرنے پر زور

نیویارک، 11 نومبر، 2025 (وام)--اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور اور ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر ٹام فلیچر نے زور دیا ہے کہ غزہ پٹی میں جاری انسانی ہمدردی کی کارروائیوں کو درپیش رکاوٹوں اور پابندیوں میں نرمی لائی جائے تاکہ امدادی کاموں میں تیزی آ سکے۔

فلیچر نے پیر کی شب جاری بیان میں کہا کہ، ’’ہم ہر موقع کو زندگی بچانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ اقوامِ متحدہ اور اس کے شراکت دار اب تک 10 لاکھ سے زائد افراد کو خوراک فراہم کر چکے ہیں۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ غذائیت مراکز دوبارہ کھول دیے گئے ہیں، اسپتالوں میں مزید مریضوں کا علاج جاری ہے، اور اہم سڑکیں صاف کر دی گئی ہیں۔

فلیچر کے مطابق اقوامِ متحدہ کی ایجنسیاں پانی کی لائنوں کی مرمت، بنیادی ویکسینیشن مہمات کی بحالی، گرم کپڑوں اور کمبلوں کی تقسیم کے علاوہ متاثرہ شہریوں کو نفسیاتی مدد بھی فراہم کر رہی ہیں۔

انہوں نے تسلیم کرتے ہوئے کہاکہ، ’’اب بھی کئی مشکلات باقی ہیں۔ ہم بیوروکریٹک رکاوٹوں کو کم کرنے، اہم امدادی اداروں کی رسائی یقینی بنانے، مزید کراسنگ پوائنٹس اور راستے کھولنے اور سلامتی کے خطرات سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘

فلیچر نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ میں انسانی ہمدردی کی تنظیموں کے کام کو مؤثر بنانے کے لیے ان پابندیوں میں نرمی ناگزیر ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ جانیں بچائی جا سکیں اور شہریوں کے حالات بہتر کیے جا سکیں۔