نیکوسیا، 12 نومبر، 2025 (وام) --متحدہ عرب امارات کی وزیرِ مملکت لانا زکی نُصَیبیہ نے قبرص کے دارالحکومت نیکوسیا کا سرکاری دورہ مکمل کیا، جہاں انہوں نے اعلیٰ سرکاری حکام سے ملاقاتیں کیں۔ اس دورے کا مقصد امارات اور قبرص کے قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور اسٹریٹجک شراکت داری کے نئے امکانات پر تبادلۂ خیال کرنا تھا۔
دورے کے دوران لانا نُصَیبیہ نے قبرص کے صدر نِکوس کرسٹودولائیڈس، وزیرِ خارجہ ڈاکٹر کانسٹانٹینوس کومبوس، یورپی امور کی نائب وزیر ماریلینا راؤنا اور مشرقِ وسطیٰ میں مذہبی آزادیوں اور اقلیتوں کے تحفظ کی خصوصی نمائندہ تھیسالیہ شیمبوس سے ملاقاتیں کیں۔
صدر نِکوس کرسٹودولائیڈس سے ملاقات میں فریقین نے دوطرفہ تعلقات، خطے کی تازہ صورتحال، اَمالتھیا میری ٹائم کاریڈور اور یورپی یونین کی 2026 میں قبرص کی آئندہ صدارت پر بات چیت کی۔
وزیرِ خارجہ ڈاکٹر کانسٹانٹینوس کومبوس کے ساتھ ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، غزہ میں حالیہ جنگ بندی کے معاہدے اور اس پر عمل درآمد کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام فریقین کو جنگ بندی کی مکمل پاسداری کرنی چاہیے تاکہ انسانی تکالیف کا خاتمہ ہو اور غزہ کے عوام تک امداد کی فوری، مؤثر اور محفوظ ترسیل ممکن بنائی جا سکے۔
لانا نُصَیبیہ نے بندرگاہ لیماسول کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے اَمالتھیا میری ٹائم کاریڈور کے انتظامات کا جائزہ لیا، یہ ایک انسانی ہمدردی پر مبنی منصوبہ ہے جو مارچ 2024 میں قبرص، متحدہ عرب امارات، اقوامِ متحدہ، ورلڈ سینٹرل کچن اور 'ANERA' کے اشتراک سے شروع کیا گیا تھا تاکہ غزہ کے عوام تک امداد کی فراہمی کو آسان بنایا جا سکے۔
امارات نے اپریل 2024 میں اَمالتھیا فنڈ کے لیے 15 ملین امریکی ڈالر کا تعاون فراہم کیا، اور نومبر 2025 تک اس منصوبے کے تحت 27,000 ٹن سے زائد امدادی سامان غزہ پہنچایا جا چکا ہے۔
ڈاکٹر کومبوس نے کہا کہ، “امارات ایک علاقائی رہنما ملک ہے جسے وژنری قیادت کی رہنمائی حاصل ہے۔ امارات ہمارا اسٹریٹجک اتحادی اور دیرینہ دوست ہے، اور ہم انسانی، معاشی اور کثیرالجہتی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔”
اپنی جانب سے لانا نُصَیبیہ نے کہا کہ، “امارات کی انسانی ہمدردی پر مبنی سفارت کاری چاہے وہ غزہ میں امداد کی فراہمی ہو، یا سوڈان اور یوکرین میں متاثرہ برادریوں کی مدد — یکجہتی اور عالمی تعاون کے اُن اقدار کی عکاسی کرتی ہے جن پر ہمارا ملک فخر کرتا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ امارات–یورپی یونین فری ٹریڈ معاہدے (FTA) کی پیش رفت خوش آئند ہے، اور قبرص کی آئندہ یورپی صدارت دونوں ممالک کے لیے ایک موقع ہے کہ وہ امن، بحالی اور خطے کی خوشحالی کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں۔