شیخ عبداللہ بن زاید اور امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کا ٹیلیفونک رابطہ, دوطرفہ اسٹریٹجک تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال

ابوظہبی، 14 نومبر، 2025 (وام) --متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیرِ خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا، تاکہ باہمی مفادات کے مطابق شراکت داری کو فروغ دیا جا سکے۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اقتصادی، تجارتی، سائنسی شعبوں، مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی اور دیگر ترقیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے امکانات پر بھی غور کیا، جو دونوں ممالک کی ترقیاتی ترجیحات کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

گفتگو میں، شیخ عبداللہ بن زاید نے امارات اور امریکہ کے مضبوط اسٹریٹجک تعلقات اور باہمی وعدوں پر مبنی تعاون کے تسلسل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک پائیدار ترقی، خوشحالی اور اپنے عوام کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی حالات و واقعات پر بھی تبادلۂ خیال کیا، جن میں سوڈان کی سنگین صورتحال سرفہرست رہی۔ شیخ عبداللہ نے اس حوالے سے گزشتہ ستمبر ’کواڈ‘ گروپ، جس میں امارات، مصر، سعودی عرب اور امریکہ شامل ہیں کے جاری کردہ اعلامیے کو فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ سوڈان کے تنازع کو ختم کر کے بحران کا پرامن حل تلاش کیا جا سکے۔

ٹیلیفونک مکالمے میں غزہ کی انسانی صورتحال میں بہتری لانے کے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔

آخر میں، شیخ عبداللہ بن زاید نے مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے امریکہ کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ خطے کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لیے پائیدار امن کی تعمیر میں امریکہ کا کردار قابلِ تحسین ہے۔