پاکستان ایسوسی ایشن دبئی: امارات کی روایاتِ رواداری اور بقائے باہمی سے جڑا انسانیت کی خدمات کا سفر

دبئی، 15 نومبر، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات جہاں 200 سے زائد قومیتیں امن اور ہم آہنگی کے ساتھ رہتی ہیں، دنیا کے لیے رواداری، بقائے باہمی اور انسانیت کا روشن نمونہ ہے۔ اسی جذبے کی جھلک پاکستان ایسوسی ایشن دبئی (پی اے ڈی) کی عملی خدمات میں نمایاں دکھائی دیتی ہے، جو دنیا بھر میں بیرونِ ملک پاکستانیوں کا سب سے بڑا کمیونٹی سینٹر ہے اور امارات میں خدمت اور شمولیت کی علامت بن چکا ہے۔

بین الاقوامی یومِ رواداری پر ایمریٹس نیوز ایجنسی، وام سے گفتگو کرتے ہوئے پی اے ڈی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام نے بتایا کہ ایسوسی ایشن متحدہ امارات کے انسان دوست نظریے کو آگے بڑھاتے ہوئے مختلف کمیونٹیز کو جوڑنے اور بقائے باہمی کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہاکہ، “ہماری سرگرمیوں کا مقصد سرحدوں سے ماورا انسانیت کی خدمت ہے، جو امارات کے پیغامِ ہمدردی اور احترامِ باہمی کو آگے بڑھاتی ہے۔”

ڈاکٹر اکرام نے بتایا کہ پی اے ڈی اس زمین پر قائم ہے جو مرحوم شیخ راشد بن سعید المکتوم نے تحفے میں دی تھی، جو پاکستان اور امارات کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ امارات کے وژن سے متاثر ہو کر پی اے ڈی نہ صرف پاکستانی کمیونٹی بلکہ ملک میں مقیم مختلف قومیتوں کے افراد کی خدمت کرتی ہے۔ ڈاکٹر اکرام کے مطابق، “ہمارا کام قومیت نہیں، انسانیت کی بنیاد پر ہے۔ پی اے ڈی سب کے لیے کھلا اور جامع پلیٹ فارم ہے، چاہے ان کا تعلق کسی بھی مذہب یا پس منظر سے ہو۔”

پی اے ڈی کے مشن کا مرکزی حصہ اس کا فلیگ شپ منصوبہ ’’پاکستان میڈیکل سینٹر‘‘ ہے—ایک غیر منافع بخش طبی مرکز جو خدمت، ہمدردی اور شمولیت کی حقیقی تصویر ہے۔

اکتوبر 2020 میں افتتاح کے بعد سے اب تک یہ سینٹر 92 قومیتوں کے 1,51,400 سے زائد مریضوں کو 37 طبی شعبوں میں سہولیات فراہم کرچکا ہے۔ تقریباً 50 رضاکار ڈاکٹر اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں، جبکہ 75 فیصد مریض امدادی بنیادوں پر علاج حاصل کرتے ہیں۔ اب تک سینٹر 2 کروڑ 55 لاکھ درہم مالیت کی سبسڈائزڈ طبی سہولتیں فراہم کرچکا ہے، جو رواداری کے عملی نمونے کی واضح مثال ہے۔

ڈاکٹر اکرام کے مطابق، “پاکستان میڈیکل سینٹر ہر طبقے کے لوگوں کی خدمت کرتا ہے۔ یہ امارات کے جذبۂ سخاوت اور دہمدردی کی عکاسی کرتا ہے۔”

پی اے ڈی کو کمیونٹی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی مضبوط معاونت حاصل ہے۔ اس کے علاوہ دبئی فنانس ڈیپارٹمنٹ نے پی ایم سی کے لیے فیس کی معافی کی منظوری دی، جبکہ دبئی ہیلتھ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) نے رضاکار طبی عملے کے لیے خصوصی لائسنس جاری کیے—جو اماراتی حکومت کے اعتماد اور انسان دوست شراکت داری کی منفرد مثال ہے۔

کمیونٹی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر اکرام نے بتایا کہ پی اے ڈی نے 'سالِ کمیونٹی' کے موقع پر 24,400 رنگین ہتھیلیوں کے نشانوں سے دنیا کا سب سے بڑا انسانی پرچم بنا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔ اس سرگرمی میں 100 سے زائد قومیتوں نے حصہ لیا، جو امارات کی دیرینہ روایات, تنوع اور ہم آہنگی کی روشن علامت ہے۔

تحریر: مریم طارق