دبئی، 16 نومبر، 2025 (وام) --متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیرِ اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا ہے کہ دبئی ایئر شو امارات کے اس مستقبل کی حکمتِ عملی کی نمایاں علامت ہے جس کے ذریعے ملک ہوابازی، خلائی سائنس اور دفاعی ٹیکنالوجی میں عالمی مرکز کے طور پر اپنی پوزیشن مزید مضبوط بنا رہا ہے۔
دبئی ورلڈ سنٹرل میں جاری اس ایونٹ نے ہمیشہ سے عالمی ہوابازی کی صنعت کے ماہرین اور سرکردہ اداروں کو نئے مواقع تلاش کرنے اور جدید ٹیکنالوجیز کی نئی نسل تشکیل دینے کے لیے ایک متاثر کن پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔
ایئر شو کے افتتاح سے قبل، شیخ محمد بن راشد نے کہا کہ امارات کی عالمی برادری سے شراکت داری ہمیشہ اس خواہش کے تحت رہی ہے کہ انسانیت کی خدمت کرنے والے حل اور پائیدار ترقی کے نئے راستے تلاش کیے جائیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ، “دبئی ایئر شو دنیا کے نمایاں ایرو اسپیس اور ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز میں سے ایک بن چکا ہے، جہاں ہر سال زیادہ تعداد میں بین الاقوامی ادارے اور کمپنیاں شرکت کرتی ہیں۔ یہ جدید ٹیکنالوجیز متعارف کرانے اور ایسے خیالات کو عملی شکل دینے کا عالمی مرکز بن چکا ہے جو مستقبل کی اہم صنعتوں کی ترجیحات بدل رہے ہیں۔”
شیخ محمد نے اس بات کی بھی توثیق کی کہ یہ نمائش امارات کے اس عزم کی عکاس ہے جس کے تحت ملک ایک مربوط ہوابازی نظام کی تعمیر، دفاعی ٹیکنالوجی میں تخلیقی حل تیار کرنے اور نالج اکانومی کو فروغ دینے میں قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر اپنا کردار مضبوط کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری ہی مستقبل محفوظ بنانے کا بہترین راستہ ہے۔
انہوں نے دنیا بھر سے آنے والے اعلیٰ حکام، ماہرین اور فیصلہ سازوں کو خوش آمدید کہا جو ایئر شو میں شرکت کے لیے دبئی ورلڈ سنٹرل پہنچے ہیں۔
19ویں ایڈیشن کے تحت منعقدہ یہ عالمی ہوا بازی نمائش 21 نومبر تک جاری رہے گی، جس میں دنیا کے بڑے ہوائی اڈوں کی ترقی، جدید ترین ٹیکنالوجیز کی نمائش اور مستقبل کی ایوی ایشن انڈسٹری کے رجحانات پیش کیے جا رہے ہیں۔
اس بار ایئر شو کی تاریخ کی سب سے بڑی ایڈیشن منعقد کی جارہی ہے، جس میں 1,500 سے زائد نمائش کنندگان شریک ہیں، جن میں سے 440 پہلی بار شرکت کر رہے ہیں۔ نمائش میں 1,48,000 سے زیادہ وزیٹرز، 115 ممالک سے 490 سول اور ملٹری وفود بھی شامل ہیں۔ 21 قومی پویلینز میں مملکتِ مراکش پہلی بار اپنی نمائندگی کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ ایونٹ میں 98 چالے، 120 اسٹارٹ اپس، 50 انویسٹرز اور 8,000 مربع میٹر پر مشتمل وسیع نمائشی علاقہ شامل ہے۔