یورپی کونسل کی کیمیکلز کی لیبلنگ اور پیکیجنگ ضوابط پر عمل درآمد 2028 تک مؤخر کرنے کی منظوری جاری

برسلز، 17 نومبر، 2025 (وام) --یورپی کونسل نے آج کیمیکلز کی درجہ بندی، لیبلنگ اور پیکیجنگ (CLP) ریگولیشن کے متعدد اہم نکات پر عمل درآمد کی تاریخوں کو 1 جنوری 2028 تک مؤخر کرنے کی باضابطہ منظوری جاری کی ہے۔ یہ قانون، جسے ’اسٹاپ دی کلاک‘ کہا جا رہا ہے، یورپی کمیشن کے اومنی بس VI پیکج کا پہلا حصہ ہے، جو جولائی 2025 میں پیش کیا گیا تھا۔

ڈنمارک کی صدارت نے کاروباری اداروں پر پڑنے والے فوری اور سنگین اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس تجویز کو انتہائی ترجیح کے ساتھ نمٹا، جبکہ قانون ساز اداروں نے یورپی کمیشن کے مجوزہ متن میں بغیر کسی تبدیلی کے اس ترمیمی ضابطے کو منظور کر لیا۔

ڈنمارک کی وزیر برائے یورپی امور ماری بیئرے نے کہاکہ، “یورپی کیمیکل سیکٹر یونین کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، جو جدت، ترقی اور ہزاروں اعلیٰ قدر کی ملازمتوں کو آگے بڑھاتا ہے۔ آج کے ’اسٹاپ دی کلاک‘ فیصلے سے ہم کاروباری اداروں کو درکار وقت اور قانونی وضاحت فراہم کر رہے ہیں، تاکہ ایسے ضروری اقدامات کیے جاسکیں جو اس شعبے کی مسابقت کو مضبوط بنائیں اور سلامتی کے اعلیٰ معیار برقرار رکھیں۔”

نئے قانون کا مقصد یورپی کاروباری اداروں کو زیادہ وقت اور قانونی یقین دہانی فراہم کرنا ہے، جبکہ اس دوران قانون ساز ادارے CLP ضابطے میں دیگر بنیادی اصلاحات پر اتفاقِ رائے کے لیے مزید وقت حاصل کر سکیں گے۔ ان اصلاحات پر مشتمل اومنی بس VI پیکج کا دوسرا حصہ اس وقت زیر بحث ہے، جس کے لیے یورپی کونسل نے 5 نومبر 2025 کو مذاکراتی مینڈیٹ منظور کیا تھا۔

’اسٹاپ دی کلاک‘ قانون کے تحت ٹرنزیشنل پروویژنز میں شامل تمام عمل درآمد کی تاریخیں جن میں ری لیبلنگ، لازمی فارمیٹنگ تقاضے، اشتہارات، آن لائن و ڈسٹنس سیلز، اور فیول پمپ کی لیبلنگ شامل ہیں کو اب 1 جنوری 2028 تک مؤخر کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 2024 میں نظرثانی شدہ CLP ریگولیشن میں ان تاریخوں کا تعین پہلے 1 جولائی 2026 اور 1 جنوری 2027 کے لیے کیا گیا تھا، جنہیں صنعتی اداروں، خصوصاً چھوٹے اور درمیانے کاروباروں (SMEs) کے لیے ایک بڑا بوجھ قرار دیا جا رہا تھا۔