ایمرٹس کا ریٹروفٹ پروگرام نئے مرحلے میں داخل، 111 طیاروں میں جدید کیبن ٹیکنالوجیز نصب کرنے کا اعلان

دبئی، 18 نومبر، 2025 (وام) --ایمرٹس ایئر لائن نے اپنے بڑے ریٹروفٹ پروگرام کے اگلے مرحلے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت 60 اے380 اور 51 بوئنگ 777 طیاروں میں جدید کیبن جدتوں کی تنصیب کا عمل شروع کیا جائے گا۔

اگست 2026 سے ان طیاروں میں نئے آن بورڈ پراڈکٹس، جدید ترین ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ سسٹم اور اسٹار لنک کی اپ گریڈڈ وائی فائی سہولت شامل کی جائے گی، جو بیڑے کی جامع جدید کاری کا حصہ ہے۔

ایمرٹس انجینئرنگ، ایئربس، سیفران، ریکارُو، پیناسونک، اسٹار لنک اور 'UUDS' کے ساتھ مل کر 'A380' طیاروں میں نئی نشستوں کے ڈیزائن اور آن بورڈ لاؤنج متعارف کرائے گی، جبکہ پیناسونک کا جدید آسٹرووا انٹرٹینمنٹ سسٹم مسافروں کے لیے ایک بلند معیار اور یکساں تجربہ فراہم کرے گا۔ یہ اپ گریڈ مجموعی طور پر 111 طیاروں کے لیے کیا جائے گا۔

ایئرلائن نے اپنے پارٹنرز کے ساتھ مل کر ہمیشہ پراڈکٹ انوویشن کو فروغ دیا ہے، تاکہ مسافروں کے آرام، پرائیویسی اور مجموعی سفر کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔

ایمرٹس ایئر لائن کے صدر سر ٹم کلارک نے کہاکہ،“ایمرٹس کا ریٹروفٹ پروگرام ہماری پوری فلیٹ میں معیار کو مسلسل بلند کرنے کا عزم ظاہر کرتا ہے۔ ہم اپنے معتبر پارٹنرز کے ساتھ کام کرتے ہوئے جدید نشستوں، انٹرٹینمنٹ اور کنیکٹیویٹی کے جدید ترین حلوں کو اپنی نئی آنے والی فلیٹ کے ساتھ ہم آہنگ کر رہے ہیں۔”

ایمرٹس نے اپنے 'A380' اور بوئنگ 777 طیاروں میں پیناسونک ایویونکس کے جدید آسٹرووا پلیٹ فارم کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو ایئرلائن کے جدید مسافرانہ تجربات فراہم کرنے کے نصب العین کی عکاسی کرتا ہے۔

ایمرٹس کا ریٹروفٹ پروگرام پہلے 2021 میں 120 طیاروں کی مکمل اپ گریڈ کے ساتھ شروع ہوا تھا، جسے بعد میں مئی 2024 میں بڑھا کر 191 جبکہ اسی سال مزید بڑھا کر 219 طیاروں تک توسیع دی گئی۔ یہ ایمرٹس کی مسلسل سرمایہ کاری اور معیاری خدمات فراہم کرنے کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔

اب تک 76 طیاروں کی ریفربشمنٹ مکمل ہو چکی ہے، جن میں ہر اے380 کو تقریباً 22 دن جبکہ ہر بوئنگ 777 کو 18 دن درکار ہوتے ہیں۔

پروگرام مستقل رفتار سے جاری ہے اور ہر ماہ دو مکمل ریٹروفٹ شدہ طیارے بیڑے میں شامل کیے جا رہے ہیں۔