ابوظہبی میں 'دی گریٹ ورلڈ ریس' کا انعقاد، خصوصی افراد کی شمولیت کے عالمی پیغام کو تقویت

ابوظہبی، 19 نومبر، 2025 (وام) --ابوظہبی نے منگل کے روز 'دی گریٹ ورلڈ ریس' کی میزبانی کی، جو دنیا کے متاثر کن بین الاقوامی اسپورٹس ایونٹس میں سے ایک ہے۔ یہ ایونٹ زاید اتھارٹی فار پیپل آف ڈیٹرمنیشن کے تعاون سے منعقد ہوا، جس نے متحدہ عرب امارات کی جامع معاشرے کی تشکیل اور خصوصی افراد کی بااختیار شمولیت کے عزم کو مزید مضبوط کیاہے۔

ریس نے عالمی سطح کے ایتھلیٹس، مقامی دوڑنے والوں اور رضاکاروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا، جو انسانی ہمت، شمولیت اور اجتماعی امید کا مضبوط عالمی پیغام تھا۔

زاید اتھارٹی فار پیپل آف ڈیٹرمنیشن کے ڈائریکٹر جنرل عبداللہ الحمیدان نے کہا کہ، "ابوظہبی سے ہم دنیا کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ ہر انسان قابلِ احترام، قابلِ قبول اور بااختیار ہے۔ دی گریٹ ورلڈ ریس صرف ایک اسپورٹس ایونٹ نہیں بلکہ اتحاد، بروقت مدد اور امید کا عالمی پیغام ہے، خصوصاً ان لوگوں کے لیے جو مشکل حالات یا تنازعات کا سامنا کر رہے ہیں۔"

دی گریٹ ورلڈ ریس کے بانی اور ریس ڈائریکٹر ڈیوڈ کیلی نے کہا کہ، "ابوظہبی ایڈیشن کی سب سے منفرد بات خصوصی افراد کی بھرپور شرکت ہے۔ انہیں ریس کورس پر مختلف ذمہ داریاں نبھاتے دیکھنا—دوڑنے والوں کی معاونت سے لے کر ایونٹ کی کارروائیوں میں حصہ لینے تک یہ ثابت کرتا ہے کہ شمولیت صرف کہنے کی بات نہیں بلکہ اسے عملی شکل دینا ضروری ہے۔ ان کا جذبہ پورے ایونٹ کو خاص بناتا ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ، "ہمیں ابوظہبی میں ملنے والی غیر معمولی حمایت پر بے حد شکر گزار ہیں۔ یہاں کی مہمان نوازی، پیشہ ورانہ انتظامات اور اس ایونٹ کو مقصد کے ساتھ جوڑنے کا عزم واقعی قابلِ تعریف ہے۔"

دی گریٹ ورلڈ ریس کی میزبانی نے متحدہ عرب امارات کے اس کردار کو مزید نمایاں کیا ہے کہ وہ خصوصی افراد کی شمولیت اور بااختیار بنانے کا عالمی رہنما ہے، اور امن، انسانیت اور سماجی ترقی کے لیے پُرعزم قوم ہے۔ یہ ایونٹ ابوظہبی کی اس حیثیت کو بھی مضبوط کرتا ہے کہ وہ ایک ایسا بین الاقوامی مقام ہے جہاں کھیل، بااختیاری اور انسانی قدریں ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔