یو اے ای کی ڈیجیٹل قیادت قابلِ تعریف ہے، اقوامِ متحدہ کا اعتراف

ابوظہبی، 20 نومبر، 2025 (وام) --اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل اور یو این ڈی پی ریجنل بیورو برائے عرب ریاست کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبداللہ الدرداری نے کہاکہ امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی رہنمائی میں متعارف کرایا گیا عرب ڈیجیٹل اکانومی وژن اور اس کی عرب لیگ کی جانب سے منظوری پورے خطے میں ڈیجیٹل ترقی کو آگے بڑھانے کا ایک مثالی ماڈل ہے۔

دبئی میں جاری نالج سمٹ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے دور رس پالیسیوں اور جدید حکومتی اقدامات کے ذریعے ٹیکنالوجی کے فروغ اور ڈیجیٹل تبدیلی میں نہ صرف عرب خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل معیشت میں امارات کا بلند مقام دیگر عرب ممالک کے لیے ایک مضبوط حوالہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای کا تجربہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مضبوط انفراسٹرکچر، لچکدار قانون سازی اور اختراع کو فروغ دینے والا ماحول مل کر ایک کامیاب ڈیجیٹل نظام تشکیل دیتا ہے۔

ڈاکٹر الدرداری نے اس وژن کو عرب دنیا کی مشترکہ پیش رفت کے لیے فیصلہ کن قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ وژن خطے کو ایک ایسے مربوط ڈیجیٹل معاشی ڈھانچے کی جانب لے جا رہا ہے جو عالمی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ہو۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ترقی میں امارات کا کردار ایک ایسی معیشت کی بنیاد رکھ رہا ہے جو علم اور ٹیکنالوجی پر استوار ہو گی۔