کوالالمپور، 23 نومبر، 2025 (وام) --دبئی چیمبر آف کامرس نے 24 سے 28 نومبر تک ملائیشیا اور کمبوڈیا کے دورے کیلئے ایک تجارتی مشن کا آغاز کیا ہے، جس میں امارات کی متعدد کمپنیوں کے نمائندے اور کاروباری شخصیات شامل ہیں۔ اس دورے کا مقصد جنوب مشرقی ایشیا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی سرمایہ کار منڈیوں میں نئے شراکت داری مواقع تلاش کرنا اور دبئی کی کمپنیوں کی بیرونِ ملک توسیع کو فروغ دینا ہے۔
مشن کے دوران وفد دونوں ممالک کے سرکاری اداروں، معاشی تنظیموں اور بڑی کمپنیوں کے ساتھ ملاقاتیں کرے گا تاکہ طویل المدتی تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داری قائم کی جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ دو طرفہ کاروباری ملاقاتوں کا انتظام بھی کیا گیا ہے جس کا مقصد مستقبل کے تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
وفد کو ملائیشیا اور کمبوڈیا کے سرمایہ کاری ماحول، کاروباری قوانین اور دبئی کی کمپنیوں کیلئے ممکنہ توسیعی امکانات کے بارے میں آگاہ کرنے کیلئے خصوصی سرکاری اجلاس بھی منعقد کیے جائیں گے۔ وفد کو اس بات پر بھی بریف کیا جائے گا کہ دونوں ممالک میں دفاتر کا قیام کیسے برآمدات اور ری-ایکسپورٹ کے شعبے کو مزید فعال بنا سکتا ہے۔
دبئی چیمبر آف کامرس کی جانب سے اس نوعیت کے مشن مقامی کاروباری برادری کی عالمی سطح پر مسابقت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ دورے اماراتی کمپنیوں کو ابھرتی ہوئی منڈیوں کو قریب سے سمجھنے، معاشی حالات کا جائزہ لینے اور درست تجارتی فیصلے کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
چیمبر کا کہنا ہے کہ یہ مشن ملکی کمپنیوں کی ترقی، برآمدات کے نئے راستوں کی تلاش اور ایشیا کی ہائی پوٹینشل مارکیٹس میں اماراتی کاروباری موجودگی بڑھانے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ وفد مختلف شہروں میں ممکنہ پارٹنرز اور معاشی اسٹیک ہولڈرز سے براہِ راست ملاقات کرے گا، جس سے مختلف اقتصادی شعبوں میں نئے مواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔
یہ مشن متعدد مقامی و بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے ترتیب دیا گیا ہے، جن میں کوالالمپور اور بینکاک میں قائم اماراتی سفارت خانے، ملائیشیا کی وزارت سرمایہ کاری، تجارت و صنعت، نیشنل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آف ملائیشیا، کونسل فار ڈیویلپمنٹ آف کمبوڈیا اور کمبوڈیا چیمبر آف کامرس شامل ہیں۔