ابوظہبی، 24 نومبر، 2025 (وام)--اتحاد ایئر ویز نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی مشہور A380 ڈبل ڈیکر پروازیں جو اب بکنگ کے لیے دستیاب ہیں، 2026 کے موسم گرما میں ابوظہبی سے جاپان کے ناریتا ایئرپورٹ کے لیے شروع کرے گا۔ یہ سروس 16 جون 2026 سے شروع ہو گی، تاکہ گرمیوں کے مصروف سفری سیزن سے قبل سہولت فراہم کی جا سکے۔
A380 میں دنیا کی واحد تین کمروں پر مشتمل "رہائشی سوئیٹ" دستیاب ہے، جو اتحاد ایئر ویز کے معیاری اور شاندار سفری تجربے کی پہچان ہے، اور اب یہ سہولت جاپان جانے والے مسافروں کے لیے بھی میسر ہو گی۔
اتحاد ایئر ویز کے چیف ریونیو اور کمرشل آفیسر آرک دے نے کہاکہ، "جاپان کے لیے مزید نشستوں کی طلب میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اور A380 طیارہ ہمیں اس مانگ کو پورا کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ یہ روٹ کاروباری مسافروں کے لیے خاص طور پر موزوں ہے، کیونکہ متحدہ عرب امارات اور جاپان کے درمیان گہرے اقتصادی اور ثقافتی تعلقات موجود ہیں۔ یہ پرواز نہ صرف جاپانی مسافروں کو ابوظہبی لانے میں مدد دے گی بلکہ انہیں اسے اسٹاپ اوور یا سیاحتی منزل کے طور پر دریافت کرنے کا موقع بھی دے گی۔
ٹوکیو اب اتحاد ایئر ویز کے ان شہروں کی فہرست میں شامل ہو چکا ہے جہاں A380 پروازیں چلائی جاتی ہیں، جن میں پہلے ہی لندن، پیرس، ٹورنٹو اور سنگاپور شامل ہیں۔