ابوظہبی، 25 نومبر، 2025 (وام) --متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے ابوظہبی میں امریکی صدر کے مشیر برائے افریقی و عرب امور، مسعد بُولوس سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور سوڈانی بحران کے خاتمے کے لیے علاقائی و عالمی کوششوں کو مؤثر بنانے کے طریقوں پر غور کیا، تاکہ عام شہریوں کے تحفظ اور بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید نے سوڈان میں پائیدار امن و سلامتی کے قیام کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوششوں کو سراہا اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے ان کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
انہوں نے زور دیا کہ متحدہ عرب امارات فوری اور غیر مشروط جنگ بندی سمیت ہر اس اقدام کی حمایت کرتا ہے جو سوڈانی عوام کی تکالیف کے خاتمے اور ان کے سلامتی، استحکام اور باوقار زندگی کے جائز خوابوں کی تکمیل میں مددگار ثابت ہو۔
شیخ عبداللہ نے یہ بھی واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات سیاسی حل اور سول قیادت پر مبنی عمل کی حمایت کرتا ہے تاکہ اس دو سالہ خانہ جنگی کو ختم کیا جا سکے، جس نے لاکھوں افراد کو متاثر کیا ہے۔
ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور امریکہ کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات سے متعلق مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس ملاقات میں وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون ریم بنت ابراہیم الہاشمی اور وزیر مملکت شیخ شخبوت بن نہیان النہیان بھی موجود تھے۔